رسائی کے لنکس

ایک تہائی بھارتی مسائل کا شکار


ایک نئے عوامی جائزے کے مطابق ایک تہائی بھارتی باشندوں کا کہنا ہے کہ وہ بدتر معیارِ زندگی کے باعث پریشانیاں جھیلنے پر مجبور ہیں۔

عوامی رائے جانچنے والے معروف بین الاقوامی ادارے 'گیلپ' کی جانب سے اس حالیہ سروے کے نتائج پیر کو جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق بھارت کا غریب ترین اور کم ترین تعلیمِ یافتہ طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔

سروے میں رائے دینے والے 56 فی صد افراد نے کہا کہ انہیں اپنا معیارِ زندگی برقرار رکھنے کے لیے جدجہد کرنا پڑ رہی ہے جب کہ صرف 13 فی صد کا کہنا تھا کہ ان کا معیارِ زندگی بلند ہورہا ہے۔

سروے کے مطابق اعلیٰ تعلیمی یافتہ بھارتیوں کو درپیش مشکلات کا تناسب آٹھ فی صد ہے جب کہ اس کے برعکس ان پڑھ یا انتہائی کم تعلیم پانے والے بھارتی شہریوں کے لیے یہ شرح 35 فی صد ہے۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کے خوش حال اور غریب طبقے کے درمیان خلیج میں اضافہ ہو رہا ہے۔

نتائج پہ تبصرہ کرتے ہوئے 'گیلپ' نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے لیے اپنے لوگوں کو درپیش مصائب میں کمی کا بہترین راستہ تعلیمی معیار میں اضافہ ہے۔

واضح رہے کہ بلند شرحِ سود اور افراطِ زر کے باعث بھارت کی معاشی ترقی کی رفتار حالیہ مہینوں میں سست پڑ گئی ہے جس کے باعث عوام کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

'گیلپ' نے کہا ہے کہ سروے کےنتائج کو تصویر کے نسبتاً تاریک رخ کا عکاس سمجھا جاسکتا ہے کیوں کہ یہ 2012ءکے آغاز میں خریف کی فصل کاشت کیے جانے سے قبل کیا گیا تھا۔

ادارے کےمطابق سروے کے لیے پانچ ہزار بھارتی باشندوں سے رائے طلب کی گئی۔

XS
SM
MD
LG