رسائی کے لنکس

ثانیہ مرزا کے لیے کھیلوں کا سب سے بڑا بھارتی ایوارڈ


اٹھائیس سالہ ثانیہ نے اس سال بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انھوں نے جولائی میں ومبلڈن ٹرافی کے لیے سوئس کھلاڑی مارٹینا ہنگس کے ہمراہ ومبلڈن ٹینس ویمن ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو اس سال بھارت کے کھیلوں کے سب سے بڑے انعام 'راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ' سے نوازا جائے گا۔

ثانیہ مرزا بھارت کی پہلی خاتون ٹینس کی کھلاڑی ہیں،جنھیں ان کی خدمات کے اعتراف میں کھیل رتن عطا کیا جائے گا، اس سے قبل یہ ایوارڈ ٹینس کے ایک کھلاڑی لینڈر پیس نے 1996 میں حاصل کیا تھا۔

بھارتی میڈیا ذارئع کے مطابق منگل کو ایوارڈ کمیٹی نے راجیو گاندھی کھیل رتن ایواڈ کے لیے ثانیہ مرزا کے نام پر مہر لگا دی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزارت کھیل نے اس ایوارڈ کے لیے ثانیہ کے نام کی سفارش کی تھی لیکن کہا گیا تھا کہ حتمی فیصلہ ایوارڈ کمیٹی کو کرنا ہے۔

جبکہ وزارت کھیل نے ثانیہ سمیت اسکوائش کی کھلاڑی دپیکا پلیکل، ڈسکس تھروور اور ہاکی کے کھلاڑی سردار سنگھ کے علاوہ بیڈ منٹن کے کھلاڑی کدامبی سری کانت کے نام بھی کھیل رتنا ایواڈ کے لیے نامزد کئے تھے۔

ثانیہ بھارت کی پہلی خاتون ٹینس کی کھلاڑی ہیں جنھوں نےخواتین ڈبلز میں عالمی نمبرون کھلاڑی کی رینکنگ حاصل کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹھائیس سالہ ثانیہ نے اس سال بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انھوں نے جولائی میں ومبلڈن ٹرافی کے لیے سوئس کھلاڑی مارٹینا ہنگس کے ہمراہ ومبلڈن ٹینس ویمن ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

ثانیہ نے 2014 میں کوریا میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کے مکسڈ ڈبلز میں طلائی اور خواتین ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو اس سے قبل 2004 میں ارجن ایوارڈ عطا کیا گیا اور دو برس بعد انھیں ملک کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے نوازا گیا۔

ذرائع کے مطابق ثانیہ بھارت کے کھیلوں کے قومی دن 29 اگست کو اپنا ایوارڈ وصول کریں گی جس کے ساتھ انھیں ساڑھے سات لاکھ کی انعامی رقم بھی پیش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG