رسائی کے لنکس

اترپردیش میں بی جے پی اور پنجاب میں کانگریس کی فتح


ببھارتی وزیر اعظم نریندرمودی ایک انتخابی مہم کے دوران تقریر کررہے ہیں۔ فائل فوٹو
ببھارتی وزیر اعظم نریندرمودی ایک انتخابی مہم کے دوران تقریر کررہے ہیں۔ فائل فوٹو

سہیل انجم

پانچ ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کو اتر پردیش اور اترا کھنڈ میں غیر معمولی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ یہ پارٹی مودی لہر کے دوش پر سوار ہو کر دونوں ریاستوں میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔

یو پی میں 403 نشستوں میں اسے 325 نشستیں ملی ہیں جبکہ حکومت سازی کے لیے 202 کی ضرورت تھی۔ سماجوادی اور کانگریس اتحاد کو شدید دھچکہ لگا ہے۔ اسے صرف 54سیٹیں ملی ہیں۔ بی ایس پی کو 19 اور دیگر کو چار سیٹیں ملی ہیں۔

اتراکھنڈ کی 70 نشستوں میں بی جے پی کو 57 اور کانگریس کو11 سیٹیں ملی ہیں۔ یہاں کانگریس برسراقتدار تھی۔ وزیر اعلی ہریش راوت دو حلقوں سے لڑ رہے تھے دونوں سے ہار گئے۔ یہاں حکومت سازی کے لیے36 سیٹوں کی ضرورت ہے۔

پنجاب میں برسراقتدار اکالی بی جے پی اتحاد کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ دس سال سے حکومت کر رہا تھا۔ 117 رکنی اسمبلی میں کانگریس کو 77 اور اتحاد کو 18 سیٹیں ملی ہیں۔ پہلی بار میدان میں اتری عام آدمی پارٹی کو 20سیٹیں ملی ہیں۔ وہ حکومت سازی کا دعوی کر رہی تھی۔ یہاں حکومت بنانے کے لیے59سیٹوں کی ضرورت تھی۔ پنجاب میں دس سال بعد کانگریس پھر اقتدار میں لوٹ آئی ہے۔

گوا اور منی پور میں جہاں معلق اسمبلی وجود میں آئی ہے، کانگریس اور بی جے پی میں کانٹے کی ٹکر ہے۔ گوا میں بی جے پی برسراقتدار تھی۔ یہاں 40 سیٹوں میں اسے 14 سیٹیں اور کانگریس کو 19 سیٹیں ملی ہیں۔ حکومت سازی کے لیے 21 کی ضرورت ہے۔ منی پور میں کانگریس حکومت کر رہی تھی۔ یہاں اسے 26 اور بی جے پی کو 21 سیٹیں ملی ہیں۔ یہاں حکومت سازی کے لیے 31 کی ضرورت ہے۔ منی پور میں کانگریس کے وزیر اعلی ابوبی سنگھ پندرہ سال سے حکومت کر رہے ہیں۔ وہ پھر کامیاب ہوئے ہیں۔

بی جے پی صدر امت شاہ نے ایک نیوز کانفرنس میں دعوی کیا کہ بی جے پی چار ریاستوں میں حکومت بنائے گی۔ انھوں نے اس شاندار کامیابی کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کے سر باندھا۔

کانگریس اور سماجودای پارٹی نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ شکست کا تجزیہ کرے گی اور پارٹی میں اب سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے۔ وزیر اعلی اکھلیش یادو استعفیٰ دے رہے ہیں۔ یو پی میں بی جے پی کا وزیر اعلی کون ہوگا اس کا فیصلہ اتوار کے روز کیا جائے گا۔

بی ایس پی صدر اور سابق وزیر اعلی مایاوتی نے الزام عائد کیا ہے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کر کے بے ایمانی کی گئی ہے۔ انھوں نے الیکشن کمیشن سے شکایت کرنے اور عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کیا ہے۔

ان نتائج نے نریندر مودی کی قیادت میں ایک بار پھر عوامی اعتماد کو ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسے ان کے انتہائی متنازعہ فیصلے نوٹ بندی کو عوامی حمایت کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ان نتائج سے 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو زبردست مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ بی جے پی جو کہ راجیہ سبھا میں اقلیت میں ہے اب اکثریت میں آجائے گی اور متنازعہ بلوں کو منظور کرانا اس کے لیے آسان ہو جائے گا

XS
SM
MD
LG