رسائی کے لنکس

کینسر کی پاکستانی مریضہ کو بھارتی ویزہ جاری کرنے کا اعلان


فائزہ تنویر
فائزہ تنویر

​​فائزہ تنویر منہ کے سرطان میں مبتلا ہیں اور رواں سال جولائی میں بھارت نے انھیں علاج کے لیے ویزہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

بھارت نے سرطان کی ایک پاکستانی مریضہ کو علاج کے لیے بھارتی ویزہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پچیس سالہ فائزہ تنویر نامی خاتون نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج کو بھارت کے یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے ویزہ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

فائزہ نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ "آپ میرے لیے ماں (جیسی) ہیں۔ براہِ مہربانی آزادی کے 70 برسوں کی خوشی میں مجھے طبی ویزہ جاری کر کے میری مدد کریں۔"

اس پر اتوار کو سشما سوراج نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جواب دیا کہ "بھارت کے یوم آزادی پر مبارک باد دینے کا شکریہ۔ ہم آپ کو بھارت میں علاج کے لیے ویزہ جاری کر رہے ہیں۔"

خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے ویزوں کا حصول انتہائی مشکل ہو چکا ہے اور ایسے میں خاص طور پر علاج کی غرض سے بھارت جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

فائزہ تنویر منہ کے سرطان میں مبتلا ہیں اور رواں سال جولائی میں بھارت نے انھیں علاج کے لیے ویزہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

بعد ازاں بھارتی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ علاج کے لیے بھارت آنے کے خواہش مند افراد کو اس وقت کے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے خط حاصل کرنا ہوگا جس کے بعد ہی ویزہ جاری کیا جائے گا۔

تاہم فائزہ کو یہ خط نہیں مل سکا تھا اور وہ ویزہ حاصل کرنے سے محروم رہی تھیں۔

فائزہ کا علاج بھارت کے شہر غازی آباد کے ایک اسپتال میں کیا جائے گا اور توقع ہے کہ وہ آئندہ ماہ بھارت جا سکیں گی۔

XS
SM
MD
LG