بھارت کی ریاست اترپردیش میں منگل کو ایک مسافر وین کی ریل گاڑی سے ٹکر کے باعث 15 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ لکھنؤ سے 350 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہتھراس کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ایک وین ریلوے کراسنگ سے گزر رہی تھی کہ اسی اثنا میں آنے والی ریل گاڑی سے ٹکرا گئی۔
وین پر 19 مسافر سوار تھے جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کسی کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد گاؤں واپس جارہے تھے۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وین کے ڈرائیور نے ریل گاڑی کی آمد کے اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے جلدبازی میں گاڑی کراسنگ سے گزارنے کی کوشش کی۔
وین کے ڈرائیور سمیت 14 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ چار زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔