رسائی کے لنکس

بھارت: ریل حادثے میں کم ازکم 35 افراد ہلاک


حادثے کا شکار ہونے والی ریل گاڑی کی ایک بوگی کو ہٹایا جا رہا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی ریل گاڑی کی ایک بوگی کو ہٹایا جا رہا ہے۔

زخمیوں کی تعداد ایک سو کے قریب ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بھارت میں ایک مسافر ریل گاڑی کے حادثے میں کم ازکم 35 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریاست آندھرا پردیش میں حکام کے مطابق ہفتہ کو دیر گئے جگدلپور سے بھوبنیشور جانے والی ریل گاڑی کا انجن اور نو بوگیاں ویزیانگرم ضلع میں پٹڑی سے اتر گئیں۔

ایسٹ کوسٹ ریلوے کے عہدیدار جے پی مشرا نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ حادثہ کنیرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں انجن کے علاوہ دو سلیپر کوچز اور ایک اے سی کوچ سمیت نو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

اس ریل گاڑی میں 22 بوگیاں شامل تھیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں اور متعلقہ حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ زخمیوں کی تعداد ایک سو کے قریب ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

حکام کے بقول حادثے کی وجہ سے ریاگادا اور وجیاناگرم روٹ پر ریل گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ اس روٹ پر تین ریل گاڑیوں کو منسوخ جب کہ آٹھ کو متبادل روٹ پر بھیجا گیا۔

حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

بھارت کا ریلوے نظام دنیا کے بڑے ٹرین نیٹ ورکس میں سے ایک ہے جہاں ایک اندازے کے مطابق روزانہ دو کروڑ لوگ ریل کا سفر کرتے ہیں۔ یہاں ریلوے کے پرانے نظام، گاڑیوں اور پٹڑیوں کی نامناسب دیکھ بھال اور بعض اوقات ڈرائیوروں کی غفلت کی بنا پر حادثات بھی ہوتے رہتے ہیں۔

گزشتہ نومبر میں کانپور کے قریب ایک مسافر ریل گاڑی کے پٹڑی سے اتر جانے سے کم از کم 115 افراد ہلاک اور دو سے لگ بھگ زخمی ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG