رسائی کے لنکس

بھارت: ریل گاڑی پٹڑی سے اتر گئی، 15 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس حکام کے مطابق ممبئی سے 110 کلومیٹر جنوب میں روہا اسٹیشن کے قریب دیوا ساونتواڑی نامی ریل گاڑی کا انجن اور چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

بھارت میں اتوار کو ایک ریل گاڑی کے ایک حادثے میں کم ازکم 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ممبئی سے 110 کلومیٹر جنوب میں روہا اسٹیشن کے قریب دیوا ساونتواڑی نامی ریل گاڑی کا انجن اور چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

اس واقعے میں کم ازکم 15 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ زخمیوں کی تعداد 87 بتائی گئی جن میں بعض کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

حادثے کی وجہ سے اس روٹ پر ریل کی آمد و رفت کو معطل کر دیا گیا جب کہ امدادی کارکن جائے وقوع پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

تاحال اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور حکام کے مطابق اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

بھارت میں ریل گاڑیوں کو اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں جب کہ انھیں دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔

جمعرات کو چنئی ریلوے اسٹیشن پر دو بم دھماکے بھی ہوئے جس میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی۔

گزشتہ دسمبر میں ریاست آندھرا پردیش کے علاقے اننت پور میں ریل گاڑی کی ایک بوگی میں آتشزدگی سے بچوں سمیت کم ازکم 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG