رسائی کے لنکس

دوسرا سیمی فائنل: انگلینڈ کی یک طرفہ مقابلے میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہو گا۔

بھارت کی جانب سے دیے گئے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز ایلکس ہیلز اور جوس بٹلر نے جارحانہ نصف سینچریاں بنا کر بھارت کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

ایلکس ہیلز نے سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 86 رنز بنائے، جوس بٹلر نے 49 گیندوں پر80 رنز بنائے۔

ہدف کے دفاع میں بھارتی بالرز بے بس نظر آئے اور فاسٹ بالرز کے ساتھ ساتھ اسپنرز بھی انگلش بلے بازوں کو ٹف ٹائم نہ دے سکے۔

انگلش کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت کا آغاز اتنا اچھا نہیں تھا۔اوپنر کے ایل راہل صرف پانچ رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بھارت کا اسکور جب 56 ہوا تو بھارتی کپتان روہت شرما 28 گیندوں پر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وراٹ کوہلی نے 40 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ایک اینڈ کو سنبھالے رکھا۔

بھارت کے جارح مزاج بلے باز سوریا کمار یادیو 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیکن بھارتی اننگز کی خاص بات آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی جارحانہ بلے بازی تھی۔ اُنہوں نے پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے صرف 33 گیندوں پر 63 رنز بنا کر بھارت کا ٹوٹل 168 تک پہنچا دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ کرس ووکس نے تین اوور میں 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ سیم کرن نے چار اوورز میں 42 رنز دیے، کرس جارڈن نے چار اوورز میں 43 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ انجری سے دوچار مارک ووڈ اور ڈیوڈ ملان کی جگہ فل سالٹ اور کرس جارڈن کو فائنل الیون میں جگہ دی گئی۔

انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جوس بٹلر، فل سالٹ، ہیری بروک، ایلکس ہیلز، بین اسٹوکس، لیام لیونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس ، کرس جارڈن اور عادل رشید شامل تھے۔

بھارت کی ٹیم کپتان روہت شرما، کے ایل راہول، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ اور محمد شامی پر مشتمل تھی۔

بھارت نے اپنے لیگ میچز میں پاکستان، زمبابوے، بنگلہ دیش اور نیدر لینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں اسے شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم نے نیوزی لینڈ، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی جب کہ آئرلینڈ کے خلاف اسے ڈکویس لوئس میتھڈ کے تحت شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ آسٹریلیا کے خلاف اس کا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

XS
SM
MD
LG