رسائی کے لنکس

لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، بھارت کا پاکستان کو انتباہ


بھارت کے وزیردفاع ارون جیٹلی
بھارت کے وزیردفاع ارون جیٹلی

جیٹلی نے فائرنگ و گولہ باری کو ایسی کشیدگی بڑھانے کی کوشش قرار دیا جو پہلے موجود نہیں تھی۔

بھارت کے وزیردفاع نے متنازع علاقے کشمیر کو منقسم کرنے والی حد بندی "لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی طرف سے مبینہ بلااشتعال فائرنگ پر اسے خبردار کیا ہے۔

جمعرات کو ارون جیٹلی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان ان کے بقول سرحد پر "مہم جوئی" جاری رکھے گا تو پھر بھارت کی فورسز پاکستانی اقدامات کی قیمت اتنی بڑھا دیں گے کہ وہ اس کی "پہنچ سے باہر" ہوگی۔

جیٹلی نے فائرنگ و گولہ باری کو ایسی کشیدگی بڑھانے کی کوشش قرار دیا جو پہلے موجود نہیں تھی۔

رواں ماہ روزانہ کی بنیاد پر پاکستان اور بھارت کی طرف سے ایک دوسرے پر فائربندی کی خلاف ورزی میں پہل کرنے کے الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے علاوہ ورکنگ باؤنڈری پر بھی مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے اب تک اس کے دس شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت کی جانب سے آٹھ افراد اب تک سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ سے مارے جا چکے ہیں جب کہ دونوں جانب سرحد سے ملحقہ دیہاتوں سے لوگوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کردیا ہے۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان سرحد پر کشیدگی کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے لیکن اگست میں بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کمشیر کے علیحدگی پسندوں سے بات چیت کے بعد اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیے تھے۔

بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یہ انتخاب کرنا ہے کہ وہ نئی دہلی سے بات چیت کرنا چاہتا ہے یا علیحدگی پسندوں سے۔

XS
SM
MD
LG