معروف بھارتی خاتون سیاست دان ممتا بینر جی نے ریاست مغربی بنگال کی نئی وزیراعلیٰ کے طورپر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ان کی جماعت نے اپنی شاندار کامیابی سے ریاست میں 30 سال سے زیادہ عرصے سے جاری کمیونسٹوں کے اقتدار کا خاتمہ کردیا ہے۔
بینر جی کو بھارتی عوام دیدی یا بڑی بہن کے نام سے جانتے ہیں۔ انہوں نے جمعے کے روز ریاست کے صدرمقام کولکتہ میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
انہوں نے اپنے حامیوں کا شکریہ اداکرتےہوئے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے اپنا دن رات ایک کردیں گی۔
ترنامول کانگریس پارٹی کی مقبول راہنما نے عوام سے وعدہ کیاہے کہ ان کی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ باصلاحیت نوجوانوں کو بنگلور اور ممبئی جیسے صنعتی مراکز منتقل ہونے سے روکنے کے لیے ریاست میں روزگار فراہم کرنے کی کوشش کریں گی۔
بینر جی نے کمیونسٹ پارٹی پر الزام لگایا کہ ریاست مغربی بنگال کی مختلف شعبوں میں خرابی کی ذمہ دار ہے۔ گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات سے قبل یہ ریاست جمہوری طورپر منتخب ہونے والی کمیونسٹ حکومت کا مرکز تھی۔ تاہم موجودہ انتخابات میں ترنامول پارٹی نے قطعی اکثریت حاصل کرکے اسے اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کیا۔
بینر جی ، بھارت کی حکمران کانگریس جماعت کی ایک اہم اتحادی ہیں اور انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ریاست مغربی بنگال کی تاریخ کی پہلی خاتون حکمران ہیں۔