بھارت کے ایک چڑیا گھر میں منگل کو سفید شیر نے حملہ کر کے اسکول کے ایک طالب علم کو ہلاک کر دیا۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق ٹیلی ویژن چینلز پر ’کلوز سرکٹ‘ کیمروں کی مدد سے حاصل ہونے والے مناظر میں ایک خوفزدہ لڑکے کو چڑیا گھر میں شیروں کے لیے مختض پنجرے میں دکھایا گیا۔
رائیٹرز کے مطابق نئی دہلی میں نیشنل زولاجیکل پارک کے ڈائریکٹر امیتاب اگنی ہوتری نے کہا کہ ’ہم سب صدمے کی حالت میں ہیں‘۔ اُنھوں نے بتایا کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے۔
’’شیر نے نوجوان کو دبوچا اور ہلاک کر دیا، یہ واضح نہیں نوجوان چھلانگ لگا کر پنجرے میں کودا یا حادثاتی طور پر پھسل کر اُس میں جا گرا۔‘‘
انتظامیہ اس بات کا بھی تعین کر رہی ہے کہ طالب علم اکیلا تھا یا کہ اُس کے ساتھ دوست بھی تھے۔
ایک عینی شاہد جس نے اس واقعے سے متعلق پولیس کا آگاہ کیا تھا، نے ایک ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ چڑیا گھر میں وہ باڑ کافی طویل ہے جہاں شیر بند ہیں اور بظاہر یہ لگتا ہے کہ شیر نوجوان کو دبوچ کر اپنے پنجرے میں لے گیا۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے پتھر اور چھڑیاں شیر کی جانب پھینکیں لیکن وہ لڑکے کو نا بچا سکے۔
2011ء کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں 1706 شیر ہیں، یہ تعداد دنیا بھر میں موجود کل شیروں کی نصف ہے۔