رسائی کے لنکس

عراق سے بھارتی نرسیں وطن واپس پہنچ گئیں


انھیں خصوصی طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچایا گیا جہاں ایندھن لینے کے لیے کچھ دیر رکنے کے بعد جہاز انھیں لے کر ان کی آبائی ریاست کیرالہ کے علاقے کوچی پہنچا۔

عراق میں شدت پسندوں کے زیر قبضہ علاقے میں محصور ہو جانے والی درجنوں بھارتی نرسیں ہفتہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئیں۔

46 بھارتی نرسیں تقریباً ایک ہفتے سے زائد عرصے تک عراقی شہر تکریت میں محصور رہیں۔ یہ شہر ان علاقوں میں شامل ہے جن پر گزشتہ ماہ کے اوائل سے سنی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ فی عراق و لشام (داعش) کے جنگجوؤں نےقبضہ کرنا شروع کیا تھا۔

نرسوں کو جمعہ کو اربیل کے علاقے میں منتقل کیا گیا جو کہ خود مختار کرد خطے میں شامل ہے۔

ہفتہ کو ان بھارتی شہریوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچایا گیا جہاں ایندھن لینے کے لیے کچھ دیر رکنے کے بعد جہاز انھیں لے کر ان کی آبائی ریاست کیرالہ کے علاقے کوچی پہنچا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین کے مطابق اربیل سے ممبئی آنے والے جہاز پر 76 دیگر بھارتی شہر بھی سوار تھے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ نرسوں کو کیرالہ چھوڑنے کے بعد ان افراد کو حیدرآباد پہنچایا جائے گا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ان نرسوں کو شدت پسندوں نے یرغمال بنایا تھا یا وہ علاقے میں سلامتی کی صورتحال کے باعث محصور رہیں۔ بھارتی وزارت خارجہ نے ان نرسوں کی رہائی سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق تعمیرات کے کام سے وابستہ 39 افراد اب بھی عراق میں شدت پسندوں کے زیر قبضہ ہیں لیکن یہ لوگ محفوظ ہیں۔

عراق میں لگ بھگ دس ہزار بھارتی مختلف شعبوں میں کام کرتے رہے ہیں لیکن ان میں سے صرف ایک سو شورش زدہ علاقوں میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG