گرو ارجن دیو جی کی برسی کی تقریبات منانے اور جوڑ میلے میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ یاتری خصوصی ریل گاڑی کے ذریعے بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔ پاکستان پہنچنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندوں اور پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کےنمائندوں نے بھارتی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چئیرمین طارق خان نے بتایا کہ دہلی میں پاکستانی سفارت خانے نے چھیانوے ویزے جاری کیے تھے۔ جن میں سے چوراسی سکھ یاتری اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔
طارق خان کے مطابق سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام کے دوران مفت کھانے، سفر اور رہائش کی سہولتیں حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان آمد کے بعد سکھوں کے جتھہ لیڈر سردار امر جنگ سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سکھوں کو دونوں ملکوں کی سرکار کی لڑائی میں نہیں پڑنا۔ پاکستان کی دھرتی تمام سکھ برادری کے لیے بہت مقدس ہے۔ وہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاکستان آتے رہینگے۔
سردار امر جنگ سنگھ کے مطابق پوری دنیا کی سکھ برادری سکھوں کے پانچویں گُرو ارجن دیو جی کا پانچ سو بارہواں شہیدی دن (برسی) منا رہے ہیں۔ جس کی مرکزی تقریب سولہ جون کو لاہور میں ہو گی۔
سکھ یاتری پاکستان میں دس روز قیام کرینگے۔ اس دوران وہ حسن ابدال، فاروق آباد اور گردوارہ ڈیرہ صاحب جائیں گے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ سال حفاظتی انتظامات کو بہانہ بنا کر سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا تھا۔ جس کی وجہ سے سکھ برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔