رسائی کے لنکس

سلمان خان پر تنقید کرنے پر سونا کو قتل کی دھمکی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کے دنیا بھر میں بے شمار فینز موجود ہیں لیکن کچھ پرستار عام نہیں بلکہ 'ڈائی ہارڈ فینز' ہیں۔ سلمان خان کو کوئی کچھ کہے، یہ ان سے برادشت نہیں ہوتا ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بالی وڈ کی گلوکارہ سونا موہاپترا کا پالا بھی سلمان خان کے ایک ایسے ہی پرستار سے پڑ گیا۔

پریانکا چوپڑہ نے امریکی گلوکار نک سے شادی کرنے کے لیے سلمان خان کی فلم 'بھارت' چھوڑ دی تھی جس پر سلمان خان نے سوشل میڈیا پر کچھ ریمارکس دیے تھے۔ جب سونا نے سلمان خان کے تبصرے پر نکتہ چینی کی تو ٹوئٹر پر سلمان خان کے ایک فین نے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسا کچھ کہا تو گھر میں گھس کر مار ڈالوں گا۔

سونا نے اس دھمکی کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہوئے سلمان خان کو فینز کے ایسے رویوں کا ذمہ دار قرار دیا۔

سلمان خان نے پریانکا چوپڑہ کی جانب سے امریکی سنگر سے شادی کرنے کے لیے فلم بھارت کی کاسٹ سے نکلنے کے فیصلے پر کہا تھا کہ بہت سی خواتین تو فلم ’بھارت‘ کے لیے اپنے شوہر کو چھوڑ دیتیں۔

سونا نے سلمان خان کے بیان کو بیمار مردانہ ذہنیت کا عکاس قرار دیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک ہم ایسے خراب رویوں کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے اور یہ رویے نہیں بدلیں گے، بھارت میں کچھ بھی تبدیل نہیں ہو گا۔

سلمان خان اور کترینہ کیف کی میگا اسٹار کاسٹ پر مشتمل فلم ’بھارت‘ سال کی ان بڑی فلموں میں سے ایک ہے جس کی ریلیز کا لوگ بے تابی سے انتظارکر رہے ہیں۔

فلم پانچ جون یعنی عید کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

XS
SM
MD
LG