انڈونیشیا میں بحیرہ جاوا کی تہہ سے کارکنوں کو ایئرایشیا کے تباہ ہونے والے طیارے کی دم یعنی پچھلا حصہ مل گیا جسے پانی سے نکال لیا گیا ہے۔
28 دسمبر کو انڈونیشیا سے سنگاپور جاتے ہوئے ایئرایشیا کی پرواز 8501 لاپتا ہو گئی تھی اور تقریباً تین روز بعد اس کے ملبے کے کچھ حصے بحیرہ جاوا سے ملے تھے۔
جہاز پر سوار عملے سمیت تمام 162 افراد اس حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
ہفتہ کو تلاش کی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں نے بڑے غباروں کی مدد سے تباہ شدہ جہاز کی دم کو اٹھا کر سمندر کی تہہ سے نکالا۔
تفتیش کار توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور ڈیٹا ریکارڈر اب بھی دم میں ہی موجود ہو سکتے ہیں۔
جہاز کے اس حصے کی تلاش کو بہت اہم قرار دیا جارہا تھا۔
جہاز کے اس عقبی حصے کی نشاندہی بدھ کو 30 میٹر زیر آب ہوئی تھی۔
162 میں سے اب تک صرف 48 لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور حکام توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ زیادہ تر لاشیں اب بھی طیارے کے درمیانے حصے میں ہی موجود ہوں گی جو ابھی تک تلاش نہیں کیا جاسکا۔