سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن انسٹا گرام نے جعلی خبروں اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نشان دہی کا ایک نیا فیچر لانے کا اعلان کیا ہے۔
انسٹا گرام صارفین اس فیچر کے ذریعے اب ایسی پوسٹس کی نشاندہی کر سکیں گے جو ان کے خیال میں جعلی یا گمراہ کن معلومات پر مبنی ہوں۔
انسٹا گرام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ نیا فیچر اگست کے اختتام تک ایپلی کیشن میں شامل کر دیا جائے گا جسے تمام صارفین استعمال کر سکیں گے۔
انسٹا گرام کے صارفین اب کسی بھی جھوٹی یا جعلی پوسٹ کو رپورٹ کر سکتے ہیں اور اس نامناسب یا جعلی معلومات میں سے کوئی ایک قرار دے سکتے ہیں۔
جس پوسٹ کو صارفین رپورٹ کریں گے، انسٹا گرام کے ماہرین اس کا جائزہ لینے کے بعد اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے۔
انسٹا گرام انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ گمراہ کن معلومات یا جعلی خبروں کے حوالے سے رپورٹ ہونے والی پوسٹس ہٹائی نہیں جائیں گی لیکن وہ پوسٹس سرچ کرنے یا اس پیج پر جانے پر دکھائی نہیں دیں گی۔
انسٹا گرام کے ہیڈ آف آپریشنز ایڈم میسری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مجھے اس پر فخر ہے کہ اب لوگ ہمیں ان پوسٹس سے آگاہ کر سکیں گے جسے وہ جعلی سمجھتے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم گمراہ کن معلومات اور جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام فیس بُک کی ہی ایک سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی تصاویر، ویڈیو اور اپنے خیالات لوگوں تک پہنچاتے ہیں۔
سماجی رابطوں کی دیگر ویب سائٹس کی طرح انسٹا گرام کے ذریعے بھی جعلی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔ رواں سال مئی میں انسٹا گرام نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہیش ٹیگس کو بلاک کرنے بھی کا آغاز کیا تھا۔
انسٹا گرام نے کہا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ایسی ٹیکنالوجی پر بھی کام کر رہے ہیں جس کے بعد صارفین کو ایسی پوسٹس کو رپورٹ کرنے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی اور انسٹا گرام خود بخود ایسی پوسٹس کو پہچان کر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گا۔