خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھارت کی سرکاری ائیر لائن 'ائیر انڈیا' نے دنیا کی سب سے لمبی 'دلی تا سان فرانسسکو' کی براہ راست پرواز کو پوری طرح سے خواتین کے ہاتھوں میں دے دیا ہے۔
ائیر انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دلی سے سان فرانسسکو کی طویل ترین مسلسل پرواز کو اتوار کی صبح سے 'صرف خواتین اہلکاروں کا عملہ' چلا رہا ہے اور یہ خواتین کے عالمی دن کے لیے ایک ریکارڈ ہو گا۔
روزنامہ ’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘ کے مطابق بھارت سے امریکہ کے شہر سان فرانسسکو تک ہوائی سفر کو صرف خواتین پر مشتمل عملہ چلا رہا ہے۔ یہ دنیا کی طویل ترین پروازوں میں سے ایک ہے۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو دلی سے روانہ ہونے والا مسافر بردار طیارہ 12,300 کلومیٹر کا طویل فاصلہ لگ بھگ سترہ گھنٹوں میں طے کرے گا اور 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر واپس دلی آ جائے گا۔
ائیر لائن کے ترجمان جی پرساد راؤ نے بتایا اس روز پورے فلائٹ آپریشن میں پائلٹ سے لے کر چیک ان، گراؤنڈ ہینڈلنگ اور پرواز کے دوران ائیر ٹریفک کنٹرول تک صرف خواتین ہی تعینات ہوں گی۔
پراساد راؤ نے کہا کہ چار پائلٹ اور کیبن کے عملے کی ایک دس رکنی ٹیم بوئنگ 777- LR طیارے پر سوار ہے۔
یہ طیارہ دلی سے چھ مارچ کی صبح دو بجکر پینتیس منٹ پر روانہ ہوا ہے اور 16 گھنٹے کی مسلسل پرواز کے بعد سان فرانسسکو پہنچے گا۔
پراساد راؤ نے کہا کہ اس کے بعد ہم جلد ہی صرف خواتین کی طرف سے چلائی جانے والی دنیا کی لمبی پرواز کے لیے گینیز بک ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرائیں گے۔
ائیر انڈیا کے اخبار میں اتوار کو ایک اشتہار چھپا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خواتین کی پرواز ایک ریکارڈ تھا جبکہ آٹھ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ائیر انڈیا کی طرف سے مجموعی طور پر 22 ایسی پروازیں اڑان بھریں گی جنھیں صرف خواتین چلائیں گی۔
'صرف عورتوں کی لمبی پرواز ' کی ایک پائلٹ رامیا کریتی گپتا نے ٹیک آف سے پہلے این ڈی ٹی وی سے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ پرواز خواتین کو با اختیار بنانے کی علامت ہو گی جو عورتوں کو مردوں کے غلبے والے شعبوں میں کامیاب ہونے کے لیےحوصلہ افزائی کرے گی۔
یاد رہے کہ بھارت نے دسمبر میں امریکہ کے مغربی ساحل کے لیے نئے روٹ پر پرواز شروع کی تھی جس کے نتیجے میں طیارہ بلا توقف مسلسل سولہ سے سترہ گھنٹے پرواز کرتا ہے۔
دنیا کی طویل ترین پرواز کا اعزاز ایمریٹس ائیر لائن کو حاصل ہے۔ ایمریٹس کے طیارے کی دبئی سے آکلینڈ کی پرواز 17 گھنٹوں میں 14,200 کلومیٹر کا طویل فاصلہ طے کرتی ہے اور مبینہ طور پر دنیا کی طویل ترین پرواز ہے۔