رسائی کے لنکس

انضمام الحق کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقرر


انضمام کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

ہفتہ کو لاہور میں بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ’’میرے لیے یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ میں کسی نا کسی طرح ملک کی خدمت کر سکوں، میں کوشش کروں گا کہ اس اہم ذمہ داری کے ساتھ انصاف کر سکوں۔‘‘

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’اگر پاکستان کی کرکٹ کو بہتر کرنا ہے تو سلیکٹر،کوچ اور کپتان کو ایک پیج پر آ کر مل کر کام کرنا ہو گا۔‘‘

انضمام الحق اس نئی ذمہ داری ملنے سے قبل افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچ تھے اور ’پی سی بی‘ کے چیئرمین شہریارخان نے افغانستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ وہ انضمام الحق کو یہ عہدہ چھوڑنے کی اجازت دے۔

انضمام الحق کو پہلی مرتبہ چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو قومی کرکٹ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی چار رکنی سلیکشن کمیٹی میں توصیف احمد، وسیم حیدر اور وجاہت اللہ واسطی کو شامل کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی پر نا صرف ٹیم بلکہ کرکٹ بورڈ اور انتظامیہ کو بھی شدید تنقید کا سامنا ہے، جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس دونوں ہی مستعفی ہو چکے ہیں۔

بلے باز انضمام الحق 1991 سے 2007 تک پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ انھوں نے 120 ٹیسٹ میچوں میں 8890 اسکور جب کہ 378 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں میچوں میں 11739 رنز بنا رکھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG