رسائی کے لنکس

ایران: غیرملکی سفارت کاروں کو جوہری تنصیبات کے دورے کی دعوت


ایران: غیرملکی سفارت کاروں کو جوہری تنصیبات کے دورے کی دعوت
ایران: غیرملکی سفارت کاروں کو جوہری تنصیبات کے دورے کی دعوت

ایران نے تصدیق کی ہے کہ اس نے غیرملکی سفارت کاروں کو اپنی جوہری تنصیبات کے دورے کی دعوت دی ہے ، تاہم بظاہر ان میں کوئی امریکی سفارت کار شامل نہیں ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے منگل کے روز کہا کہ یہ دعوت یورپی یونین میں شامل کچھ ممالک کے نمائندوں ، غیر وابستہ ممالک کے ایک گروپ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور جرمنی(پی فائیو پلس ون) کے کچھ سفارت کاروں کو دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی نمائندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان تنصیبات کادورہ ایران کے جوہری پروگرام پر اس ماہ کے آخر میں ترکی میں ہونے والے مذاکرات سے قبل کرلیں۔یہ مذاکرات ایران اور پی فائیو پلس ون گروپ کے ساتھ ہورہے ہیں۔

انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی آیا امریکہ کوبھی اس دورے کی دعوت دی گئی ہے۔ لیکن اس سے قبل ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا تھا کہ بظاہر امریکہ کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ امریکہ ایرانی جوہری پروگرام کے شدید مخالفین میں سے ایک ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سینیئر ایرانی سفارت کار علی اصغر سلطانیہ نے منتخب نمائندوں کو 15 اور 16 جنوری کے مجوزہ دورے کے تمام اخراجات پربرداشت کرنے کی پیش کش بھی کی ہے۔

منگل کے روز چین نے دعوت نامہ موصول ہونے کی تصدیق کی ، تاہم اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ اپنا نمائندہ بھیجے گا یا نہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان ہونگ لی نے کہا ہے کہ چین ایران کے ساتھ گفت و شیند کررہاہے۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ ہنگری کو بھی ، جس کے پاس ان دنوں یورپی یونین کی باری پر ملنے والی صدارت ہے، دورے کی دعوت دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG