رسائی کے لنکس

ایران القاعدہ کو اپنے ملک میں پناہ دے رہا ہے، پومپیو کا الزام


امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں گفتگو کر رہے ہیں۔ 13 جنوری 2021
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں گفتگو کر رہے ہیں۔ 13 جنوری 2021

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خبردار کیا ہے کہ 11 ستمبر، 2001 کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور پنٹاگان پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والی دہشت گرد تنظیم القاعدہ نے ایران کو اپنی نئی آماجگاہ بنا لیا ہے جہاں بظاہر وہ امریکہ کی فوجی طاقت سے خود کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مائیک پومپیو نے واشنگٹن کے نیشنل پریس کلب میں تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے القاعدہ کو اپنے ملک میں پناہ دے رکھی ہے جہاں اسے فنڈ اکٹھا کرنے اور دنیا بھر میں اپنے ارکان سے رابطے کرنے کی کھلی آزادی حاصل ہے اور جہاں سے وہ اپنی کارروائیاں اسی انداز میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو وہ دو دہائیاں قبل ہمسایہ ملکوں سے کرتی رہی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی پشت پناہی کے باعث القاعدہ کی قیادت ایران میں اکٹھی ہو گئی ہے اور یوں ایران دہشت گردی کا نیا مرکز بن گیا ہے۔

ادھر امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن نے کہا ہے کہ القاعدہ امریکہ کی طرف سے مسلسل دباؤ کے باعث امریکہ کے خلاف کوئی بڑی دہشت گرد کارروائی کرنے کی اہل نہیں رہی۔

تاہم وزیر خارجہ پومپیو کا کہنا ہے کہ القاعدہ ایران کی پشت پناہی کے باعث پہلے سے زیادہ خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں القاعدہ کی قیادت کو آزادانہ نقل و حرکت کی آزادی حاصل ہے اور ایران کی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کی وزارت اور ایران کے انقلابی گارڈز اسے مکمل تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

امریکی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے سرکردہ لیڈر بدستور ایران میں مقیم ہیں جن میں سیف العادل بھی شامل ہے جو اب المصری کا منصب سنبھالے ہوئے ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ کے دعوے کو من گھڑت قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG