رسائی کے لنکس

جی سیون ممالک کے سربراہان کا ورچوئل اجلاس، ایران کے حملے کی مذمت

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے جی سیون ممالک کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اس اجلاس میں ایران کے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

20:49 14.4.2024

ایران میں پیر تک تمام پروازیں منسوخ

ایران میں متعدد ہوائی اڈوں نے پیر تک اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیل پر ایران کے حملوں کے بعد دارالحکومت تہران میں امام خمینی ایئرپورٹ سمیت کئی ہوائی اڈوں نے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

پروازیں منسوخ کرنے کی تصدیق ملک کے سرکاری ٹی وی نے بھی کی ہے۔

20:41 14.4.2024

اردن، لبنان اور عراق نے فضائی حدود کھول دیں

ایران کے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، تاہم کئی گھنٹوں کے بعد اردن، عراق اور لبنان نے اپنی فضائی حدود کھول دیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اردن میں سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کی فضائی حدود مقرر کیے گئے وقت سے تین گھنٹے قبل کی کھول دی گئیں۔

عراق میں سول ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ اب مزید خطرہ نہیں ہے اس لیے فضائی حدود کھولی جا رہی ہیں۔

18:16 14.4.2024

افغان طالبان کا ایران کی حمایت میں بیان

افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے اسرائیل پر حملے کو درست قرار دیتے ہوئے ایران کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

طالبان کی عبوری حکومت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبد القاہر بلخی نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے اپنے دفاع میں گزشتہ شب کارروائی کی جو کہ ایک جائز عمل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے قونصل خانے پر اسرائیل کا حملہ تمام سفارتی روایات اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف تھا۔

طالبان نے اپنے بیان میں غزہ میں جاری جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ برس اکتوبر سے اسرائیلی کارروائیوں میں 33 ہزار عام شہریوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

17:48 14.4.2024

ترک وزیرِ خارجہ کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ

ترک وزیرِ خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ (فائل فوٹو)
ترک وزیرِ خارجہ نے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ (فائل فوٹو)

ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے اپنے ایرانی ہم منصب سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ، اسرائیل کے خلاف ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں چاہتا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبدالہیان کا ترک وزیرِ خارجہ کو کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف اس کی جوابی کارروائی ختم ہو گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ایران پر حملہ نہیں کیا جاتا، ایران کوئی نیا آپریشن شروع نہیں کرے گا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG