ایران میں جمعرات کو پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی پانچویں برسی منائی گئی۔ اس موقع پر دارالحکومت تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ امریکہ نے جنوری 2020 میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراق میں ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں قاسم سلیمانی ساتھیوں سمیت مارے گئے تھے۔ امریکہ نے الزام عائد کیا تھا کہ قاسم سلیمانی ایران نواز ملیشیاؤں کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات اور فورسز پر حملوں کے ماسٹر مائنڈ تھے۔