رسائی کے لنکس

ایران جوہری مذاکرات کا اگلا دور ماسکو میں


ایران کے ساتھ اس کے متنازع جوہری پروگرام پر چھ عالمی قوتوں کے دو روزہ مذاکرات میں جمعرات کو دونوں فریق اگلے ماہ ماسکو میں مذاکرات کے ایک اور مرحلے میں شرکت پر متفق ہوگئے ہیں۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے یہ اعلان دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ امورپر اختلافات برقرار ہیں لیکن بعض معاملات پر آگے بڑھنے میں میں کامیابی ہوئی ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ مذاکرات کا اگلادور 18 اور 19 جون کو ماسکو میں ہوگا۔

انہوں نے ایران کے مذاکرات اعلیٰ سعید جلیلی کے ساتھ جمعرات کی صبح دو طرفہ ملاقات کی تھی۔

اس وقت مسئلہ ایران کی جانب سے یورینیم کی 20 فی صد کی سطح تک افزودگی کا ہے۔

مغربی طاقتیں یہ چاہتی ہیں کہ ایران یورینیم کی افزودگی کا عمل روک دے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ 20 فی صد کی سطح پر افزودگی کے بعد وہ جلد ہی 90 فی صد افزودگی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرسکتا ہے ۔ یہ وہ سطح ہے جو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے درکار ہوتی ہے۔

ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے الزامات کی تردید کرتا ہے اور اس کا کہناہے کہ اس کا جوہری پروگرام توانائی کے حصول اور طبی تحقیق کے لیے ہے۔

ایران چاہتا ہے کہ اس تنازع پر کسی اتفاق رائے کے بدلے میں اس پر عائد بین الاقوامی پابندیاں نرم کر دی جائیں۔

XS
SM
MD
LG