’آسمان ایئرلائنز‘ کی گر کر تباہ ہونے والی پرواز کا ملبہ مل گیا ہے، جس میں 65 افراد سوار تھے۔ ایران کے سرکاری خبررساں ادارے، ’ارنا‘ نے پیر کے روز خبر دی ہے کہ خراب موسم اور دشوار گزار پہاڑی سلسلے کے باوجود، ایرانی امدادی کارکنان نے کام جاری رکھا اور ملبہ تلاش کر لیا ہے۔
’آسمان ایئرلائنز‘ کی پرواز اتوار کی صبح صوبہٴ اصفہان میں یسوج کے شہر کے لیے روانہ ہوئی تھی، لیکن زگروز کی پہاڑیوں پر گر کر تباہ ہوئی۔ حکام نے اس خوف کا اظہار کیا ہے کہ طیارے پر سوار تمام افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
شدید دھند، تیز ہواؤں اور برف باری کے نتیجے میں ابتدائی طور پر تلاش کے کام میں تاخیر ہوگئی تھی، جس کے باعث ہیلی کاپٹر حادثے کے مقام تک نہیں پہنچ پا رہے تھے۔ پیر کے روز موسمی حالات قدرے بہتر ہوئے جس کے بعد ہیلی کاپٹروں نے پرواز بھری۔
دیگر عالمی راہنماؤں کے علاوہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گئیترس نے اس حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ گئیترس نے کہا ہے کہ اُنھیں طیارے کو حادثہ پیش آنے پر انتہائی افسوس ہوا۔ اُنھوں نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کئی دہائیوں سے جاری بین الاقوامی تعزیرات کے نتیجے میں ایران کے کمرشل جہاز پرانے ہوچکے ہیں، جس کے باعث حالیہ برسوں کے دوران مسافر طیاروں کو حادثات درپیش رہے ہیں۔ ساتھ ہی، جہازوں کی مرمت اور جدید بنانے کے لیے درکار آلات کی خریداری عمل میں نہیں آ سکی۔