رسائی کے لنکس

مجوزہ انتخابات کی بہتر منصوبہ بندی کی جائے: آیت اللہ خامنہ ای


مجوزہ انتخابات کی بہتر منصوبہ بندی کی جائے: آیت اللہ خامنہ ای
مجوزہ انتخابات کی بہتر منصوبہ بندی کی جائے: آیت اللہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بدھ کے روز کہاہے کہ اگلے سال مارچ میں پارلیمنٹ کے طے شدہ انتخابات کوقومی سلامتی کے لیے کوئی چیلنج نہیں بننا چاہیے۔

ان کا یہ بیان ایران کے متنازعہ انتخابی عمل کے خلاف ممکنہ ردعمل سے محتاط رہنے کی سمت اشارہ کرتا ہے جیسا کہ 2009ء کے انتخابات پر مبینہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے الزامات کے نتیجے میں مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر بدھ کے روز پیروکاروں سے اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران میں انتخابات کے دوران ہمیشہ کچھ نہ کچھ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے عوام سے متحد رہنے کی اپیل کی۔

2009ء میں صدارتی انتخابات کے دوران ووٹنگ میں جعل سازی کے الزامات کے بعد ایران کی شاہراہوں اور گلی کوچوں میں حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئےتھے جس پر قابو پانے کے لیے فورسز کی پکڑ دھکڑ کی پرتشدد کارروائیوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔

اصلاح پسندوں کا کہناتھا کہ حکومت نے قدامت پسند صدر محمود احمدی نژاد کو دوسری مدت کے لیے منتخب کرانے کی خاطر ووٹوں میں جعل سازی کی تھی۔

اس موقع پر ہونے والے مظاہرے 1979ء کے اسلامی انقلاب کے بعد کے بدترین مظاہرے تھے۔

تہران یونیورسٹی میں اپنے خطاب میں خامنہ ای نے عرب اقوام کو خبردار کیا کہ وہ مغربی اقوام کو ایسا کوئی موقع فراہم نہ کریں جس سے وہ اس خطے کی حالیہ حکومت مخالف تحریکوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ، اسرائیل او راس کے اتحادی ان تحریکوں کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مسلم دنیا کو آنے والے کئی عشروں میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

XS
SM
MD
LG