رسائی کے لنکس

مشاعی پر انتخابی پابندی کے فیصلے پر احمدی نژاد کی تنقید


ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے اپنے قریبی مشیر اسفند یار رحیم مشاعی کو راست باز، قابل اور ملک کے لیے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نا انصافی کا شکار ہوئے ہیں۔

ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے اپنے ایک قریبی مشیر پر صدارتی انتخاب میں حصہ لینے پر پابندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے۔

وزارت داخلہ نے منگل کو کہا تھا کہ ملک کی شوریٰ نگہبان نے اسفند یار رحیم مشاعی اور سابق صدر ہاشمی رفسنجانی کے نام صدارتی انتخاب کے امیدواروں کی فہرست سے نکال دیے۔

احمدی نژاد نے بدھ کے روز مشاعی کو راست باز، قابل اور ملک کے لیے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نا انصافی کا شکار ہوئے ہیں۔

ایرانی صدر نے اپنی ویب سائٹ پر دیے گئے بیان میں اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ وہ یہ معاملہ رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے پاس لے کر جائیں گے اور انھیں امید ہے یہ حل ہو جائے گا۔

ایران کے حکمران مذہبی طبقے کے ساتھ اقتدار کی کشمکش کے باعث احمدی نژاد اور ان کے مشیروں کو سخت گیر قدامت پسندوں کی ناراضی کا سامنا ہے۔

رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے حامی سخت گیر قدامت پسندوں نے مشاعی اور رفسنجابی کی نامزدگی کی مخالفت کی تھی۔

ایران کا آئین جناب احمدی نژاد کو تیسری مدت کے لیے صدر منتخب ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔
XS
SM
MD
LG