دعا گو ہیں کہ عزت ماب صدر خیریت سے واپس آ جائیں: خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔
عرب نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کے مطابق ایک بیان میں خامنہ ای کا کہنا تھا کہ "ہم اُمید کرتے ہیں کہ خدا معزز صدر اور ان کے ساتھیوں کو ہمیں واپس لوٹا دے گا۔"
آیت اللہ خامنہ ای کا مزید کہنا تھا کہ سب کو ان تمام افراد کی سلامتی کے لیے دعا کرنی چاہیے، ایران کے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ملک کے نظم و نسق پر کوئی خلل نہیں پڑے گا۔
صدر بائیڈن کو ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے: ترجمان
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی 'ہارڈ لینڈگ' رپورٹس کو دیکھ رہے ہیں۔
امریکی صدر کی ترجمان کیرین ژاں پیئر نے ایئر فورس ون میں صحافیوں کو بتایا کہ صدر بائیڈن کو صورتِ حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی 'ہارڈ لینڈنگ'؛ خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات
ایرانی کابینہ کا ہنگامی اجلاس
ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے بعد کی صورتِ حال کے جائزے کے لیے ایرانی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ارنا' کے مطابق ایران کے نائب صدر محمد مخبر کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
'ارنا' کے مطابق ایران کے نائب صدر نے وزارت صحت اور نائب صدر برائے انتظامی امور محسن منصوری کو جائے حادثہ کی طرف جانے کا حکم دیا ہے۔
حادثے کی جگہ کا پتہ لگانے کے لیے درجنوں ٹیمیں علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔ سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔