رسائی کے لنکس

ایران نے تین ہفتوں میں تیسرا بحری جہاز پکڑ لیا


ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحویل میں لیے گئے تیل بردار جہاز کے ذریعے سات لاکھ لیٹر تیل اسمگل کیا جارہا تھا۔ (فائل فوٹو)
ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحویل میں لیے گئے تیل بردار جہاز کے ذریعے سات لاکھ لیٹر تیل اسمگل کیا جارہا تھا۔ (فائل فوٹو)

ایران نے خلیج فارس میں تیل بردار جہاز پکڑ لیا۔ تین ہفتوں کے دوران ایران کی جانب سے تحویل میں لیا جانے والا یہ تیسرا بحری جہاز ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹ پریس (اے پی) کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب کی بحریہ نے خلیج فارس میں ایک تیل بردار بحری جہاز کو تحویل میں لیا ہے جس کے بارے میں ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس میں تیل 'اسمگل' کیا جارہا تھا۔

ایران کے سرکاری ٹی وی اور نیم سرکاری نیوز ایجنسی 'فارس' کی رپورٹ کے مطابق تیل بردار بحری جہاز کے ذریعے سات لاکھ لیٹر تیل اسمگل کیا جارہا تھا جب کہ عملے کے سات افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے مزید تفصیلات نہیں دیں کہ تیل بردار جہاز کس ملک کا ہے اور عملے کے افراد کا تعلق کس ملک سے ہے۔

یاد رہے کہ تین ہفتوں کے دوران ایران نے سمندر میں تین بحری جہاز تحویل میں لیے ہیں جن میں سے دو تیل بردار جہاز ہیں اور ایران کا دعویٰ ہے کہ ان جہازوں میں تیل اسمگل کیا جارہا تھا۔

(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

نیوزی ایجنسی 'فارس' نے اپنی رپورٹ میں جنرل رمضان زراہی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے بقول تحویل میں لیا گیا غیر ملکی تیل بردار جہاز خلیج فارس میں ایک دوسرے جہاز سے تیل حاصل کرنے کے بعد عرب ممالک کی جانب بڑھ رہا تھا۔

تیل بردار جہازوں کو پکڑنے کے بعد ایران اور عمان کے سمندری راستوں کے درمیان واقع آبنائے ہرمز میں صورت حال کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔

آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور بحیرہ عرب میں ذمہ داری ادا کرنے والی امریکی بحریہ کے یونٹ ففتھ فلیٹ کا کہنا ہے کہ وہ ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کرسکتے کہ ایران نے کوئی تیل بردار جہاز تحویل میں لیا ہے۔

میری ٹائم ٹریکنگ کے ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ فوری طور پر ان کے پاس بھی اس قسم کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ ایران نے اس سے قبل 19 جولائی کو برطانوی بحری جہاز کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں تحویل میں لیا تھا۔

ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ برطانیہ کی جانب سے ایرانی ٹینکر پکڑنے کے ردعمل میں برطانوی جہاز کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کا 'ریاہ' نامی جہاز بھی گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز سے لاپتہ ہوگیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ اسے ایران کے پاسداران انقلاب نے تحویل میں لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG