ترک میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکام کو شام جانے والے ایک ایرانی مال بردار طیارے میں ہتھیار اور گولابارود ملا ہے ۔ اس طیارے کو اختتام ہفتہ جانچ پڑتال کے لیے روکا گیا تھا۔
ترک اخبار ملیت نے اپنی منگل کی اشاعت میں کہا ہے کہ طیارے پر موجود سامان میں راکٹ لانچر، مارٹر ، رائفلیں ، دھماکہ خیز مواد اور گولا بارود موجود تھا۔ سامان کی یہ ترسیل اقوام متحدہ کی ان قرارداروں کی خلاف ورزی تھی جن کے تحت ایران سے ہتھیاروں کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترک حکام نے طیارے کو ہتھیاروں کی موجودگی کے شبے کی بنا پر اتوار کے روز مشرقی ترکی کے ایک ایئر پورٹ پر اترنے کا حکم دیاتھا۔
ترک حکام نے میڈیا پر اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا اور اس واقعہ پر فی الحال ایران کا بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ایک ہفتے کے دوران یہ کسی طیارے کو روکنے کا دوسراواقعہ ہے۔ اس سے قبل 15 مارچ کو ترکی نے شبے کی بنا پر ایک ایرانی طیارے کو معائنے کے لیے اترنے کا حکم دیاتھا۔ تاہم اس سے کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی تھی۔