عراق کی پولیس نے کہاہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے کئی بم دھماکوں میں کم ازکم ایک پولیس اہل کار ہلاک ا ورکئی زخمی ہوگئے۔
عراق کے شمالی شہر موصل میں پولیس کی ایک گاڑی پر نصب بم پھٹنے سے ایک پولیس اہل کار ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔
بغداد میں دو الگ الگ بم دھماکوں میں کم ازکم چار افراد زخمی ہوگئے۔
چوتھا دھماکہ دارالحکومت بغداد سے تقریباً175 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع طوز خورماتو میں ہوا جس سے دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
عراق میں 2006ء اور2007ء کے دوران تشدد کے واقعات اپنے عروج پر تھے جن میں بتدریج کمی آئی ہے، لیکن بم دھماکے اب بھی عام ہیں۔
امریکی اور عراقی عہدے دار ، اس سال کے آخر میں امریکی فورسز کا انخلاء مکمل ہونے کے بعد ملک کی سیکیورٹی کے امور سنبھالنے سے متعلق عراق کی صلاحیت پر خدشات ظاہر کرچکے ہیں۔