رسائی کے لنکس

عراقی فورسز ’امرلی‘ کے علاقے میں محاصرہ توڑنے میں کامیاب


’اسلامک اسٹیٹ‘ کے شدت پسندوں نے دو ماہ سے ملک کے اس شمالی علاقے کو محاصرے میں لے رکھا تھا۔

عراق میں سکیورٹی فورسز شیعہ ملیشیاء کی مدد سے اتوار کو ملک کے شمال میں واقع شہر ’امرلی‘ کے دو ماہ سے جاری محاصرے کو توڑنے میں کامیاب ہو گئیں۔

’اسلامک اسٹیٹ‘ کے شدت پسندوں نے دو ماہ سے ملک کے اس شمالی علاقے کو محاصرے میں لے رکھا تھا۔

امرلی کے میئر اور فوجی افسران نے بتایا کہ ملیشیاء کی مدد سے فوجیوں نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے شہر کے مشرقی حصے میں جنگجوؤں کو شکست دی اور اب علاقے کے شمال میں یہ لڑائی جاری ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق شہر کے میئر عبدالبیتی نے بتایا کہ ’’سکیورٹی فورسز اور ملیشیاء کے جنگجو امرلی کے اندر داخل ہو گئے اور محاصرہ توڑ رہے ہیں اور یہ یقینی طور پر متاثرہ رہائشیوں کے لیے آسانی کا سبب بنے گا‘‘۔

عراقی فورسز کی یہ پیش قدمی ایک ایسے وقت ہوئی جب گزشتہ شب امریکہ نے اس علاقے میں فضائیہ کی مدد سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور علاقے میں پھنسے افراد کے لیے فضا سے امداد بھی گرائی۔

برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا کے جہازوں نے بھی متاثرہ علاقے میں فضائی کارروائی کی۔

ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ انھوں نے امرلی کی گلیوں میں عراق کے ٹینک دیکھے۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 15 ہزار سے زائد افراد امرلی کے علاقے میں محصور ہیں۔

XS
SM
MD
LG