عراق نے کہا ہے کہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جب کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بغداد میں ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے فوجی طور پر "دوبارہ پیش قدمی" کی ہے۔
عراقی ٹی وی کے مطابق سرکاری سکیورٹی فورسز نے انبار کے دارالحکومت رمادی کے قریب واقع کئی دیہاتوں پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے اور وہ ہیت کے قصبے کا قبضہ دوبارہ واپس لینے کی کوشش کررہی ہیں جس پر گزشتہ ماہ "دولت اسلامیہ" کے جنگجوؤں نے قبضہ کر لیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے ہیت کے گرد و نواح میں رہنے والے البونمر قبیلے سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کو ہلاک کر دیا جنہوں نے ہتھیار ڈال دیے تھے۔
ان ہلاکتوں کو تصویروں اور عام لوگوں کی طرف سے بنائی گئی ویڈیو میں بھی دکھایا گیا تھا۔ یہ علاقے کے سنی قبیلوں کے لیے بھی بہت صدمہ کی بات تھی جس کی وجہ سے کئی ایک "دولت اسلامیہ" کے خلاف ہو گئے۔
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو کے بغداد کے دورے کے دوران عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سرکاری فوجیں کارروائی کرنے میں پہل کر رہی ہیں۔
عبادی نے کہا کہ حال ہی میں بغداد کو "دولت اسلامیہ" کے جنگجوؤں کی طرف سے خطرہ تھا لیکن اب جنگ دور دراز کے علاقے میں منتقل کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری فوجوں نے بغداد کی طرف آنے والی شاہراہ پر واقع بیجی قصبے اور اس کی تیل صاف کرنے والی تنصیب پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سرکاری فوجیں انبار صوبے اور دیالہ، صلاح الدین اور نینوا کے صوبوں کے علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کے قریب ہیں۔ عبادی نے ترکی کے وزیراعظم کی اسلامک اسٹیٹ کے گروہ کے خلاف لڑائی میں عراقی حکومت کی مدد کرنے کی پیشکش کا شکریہ ادا کیا۔
اسکائی نیوز کے مطابق اتحادیوں کی طرف سے کی جانے والی ایک فضائی کارروائی میں رضوان ہمدان ہلاک ہو گئے ہیں جن کے بارے میں بتایا جاتا تھا کہ وہ "دولت اسلامیہ" کے "وزیر جنگ " ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ فضائی کارروائی موصل شہر کی قریب کی گئی جو اب "دولت اسلامیہ"کے قبضے میں ہے جبکہ عراقی ٹی وی کے مطابق "دولت اسلامیہ "کے 70 جنگجو بھی کرکوک میں ہونے والی ایک فضائی کارروائی میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
امریکی صدر براک اوباما نے عراقی سکیورٹی فورسز کی مدد کے لیے 3,500 مشیر عراق بھیجے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ اور فرانس بشمول، سعودی عرب، کویت، بحرین، قطر اور عرب امارات شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی کارروائیاں کر رہے ہیں۔