عراق میں پولیس نے کہا ہے کہ کربلا شہر میں اتوار کو ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
عہدے داروں نے بتایا کہ پہلا دھماکا اُن دفاتر کے باہر ہوا جہاں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری ہوتے ہیں۔ اس ہی مقام پر دیگر دھماکے امدادی کارکنوں کے پہنچنے کے بعد ہوئے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب عراق سے امریکی افواج کے انخلا کا عمل جاری ہے، اور امریکی و عراقی عہدے دار رواں سال کے آخر تک تمام فوجیوں کی واپسی کے بعد مقامی سکیورٹی فورسز کی امن و امان قائم رکھنے کی استعداد کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
عراق میں تشدد کے واقعات 2006ء اور 2007ء میں عروج پر تھے۔