رسائی کے لنکس

عراقی انتخابات: بصرہ میں عراقی وزیرِ اعظم کو سبقت


عراقی انتخابات کے جزوی نتائج کے مطابق ملک کے جنوبی تیل سے مالا مال صوبہٴ بصرہ میں وزیرِ اعظم نوری المالکی کے اتحاد کو سبقت حاصل ہوگئی ہے۔

عراقی انتخابی کمیشن کی طرف سے اتوار کو جاری ہونے والے ابتدائی نتائج کے مطابق قانون کی پاسداری کے اتحاد کوبصرے میں اپنے مدِ مقابل شیعہ مذہبی پارٹیوں کی قیادت والے عراقی قومی اتحاد کے مقابلے میں ایک لاکھ ووٹوں کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

مسٹر مالکی کو بغداد میں بھی سبقت حاصل ہے، اور 14میں سے چھ صوبوں میں، جہاں ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے، اُن کے اتحاد کو برتری حاصل ہے۔

اتور کو جاری ہونے والے جزوی نتائج سے پتا چلتا ہے کہ مسٹر مالکی کے سیکولر مدِ مقابل، سابق وزیرِ اعظم ایادعلوی کو انبار کے سنی گڑھ میں ووٹوں کا بہتر اوسط ملا ہے۔

کردستان اتحاد ، جِو کہ عراق کی دو اہم کرد جماعتوں پر مشتمل گروپ ہے، کو شمالی صوبہٴ دہوک میں سبقت حاصل ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ کسی ایک دھڑے کو حتمی اکثریت حاصل نہیں ہوگی، جس کا مطلب یہ ہوا کہ حکومت بنانے کےلیے زیادہ نشستیں لینے والی سیاسی پارٹیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کرنا پڑے گا۔

سات مارچ کو ہونے والے اِنتخابات کے حتمی نتائج چند ہی روز میں متوقع ہیں۔

XS
SM
MD
LG