رسائی کے لنکس

عراق: خودکش دھماکے میں تین افراد ہلاک


عراق: خودکش دھماکے میں تین افراد ہلاک
عراق: خودکش دھماکے میں تین افراد ہلاک

عراقی پولیس نے کہاہے کہ ایک خودکش بمبار نے ملک کے مغربی حصے میں واقع ایک فوجی چوکی کے پاس خود کو دھماکے سے اڑادیا جس سے کم ازکم تین افراد ہلاک ہوگئے۔

عہدے داروں کاکہناہے کہ بغداد سے تقریباً 60 کلومیٹر مغرب میں واقع قصبے فلوجہ میں ہونے والے دھماکے میں کم ازکم تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ہلاک ہونے والوں میں عراقی فوج کا ایک کرنل بھی شامل ہے۔

فلوجہ عراق کے صوبے انبار کا سنی اکثریتی شہر ہےجو عراق جنگ کے دوران زیادہ تر تشدد کا مرکز بنارہا ۔

جمعے کا خودکش حملہ ، شمالی عراق میں منگل کے روز ایک صوبائی ہیڈکوارٹرز پر حملے کے بعد پیش آنے والا واقعہ ہے، جس میں کم ازکم 58 افراد ہلاک اور 100 کے لگ بھگ زخمی ہوگئے تھے۔

عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے کہاہے کہ حملے میں ملوث دہشت گردسزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

اس حملے میں فوجی وردی میں ملبوس دہشت گرد، جنہوں نے اپنے جسموں کے ساتھ خودکش جیکٹیں باندھی ہوئی تھی تکریت کے ایک مرکز میں گھس کر لوگوں کو یرغمال بنا لیاتھا۔ عراقی فوجیوں نے کئی گھنٹوں کی لڑائی کے بعد ان سے مرکز کا قبضہ چھڑا یا تھا۔

کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن عراقی عہدے داروں نے حملے کا الزام القاعدہ سے منسلک ایک مقامی تنظیم پر عائد کیا ۔ عہدے داروں کا کہناہے کہ یہ حملہ اسی نوعیت کا تھا جیسا اس سے قبل یہ گروپ کرتا رہاہے۔

XS
SM
MD
LG