وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی طرف سے انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ لفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی مدت رواں ماہ کی 18 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔
انگریزی روزنامے ’ڈان ‘ نے جمعہ کو اپنی ایک خبر میں ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سلامتی اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے تناظر میں اس بات کا امکان ہے کہ فوج کے خفیہ ادارے کے سربراہ کی مدت ملازمت میں مزید دو سال کی توسیع کر دی جائے۔
پاکستانی فوج کی تاریخ میں ایسا بہت ہی کم ہوا ہے کہ کسی جنرل کی مدت ملازمت کو دو مرتبہ بڑھایا گیا ہو لیکن اخبار کے مطابق جنرل پاشا کا شما ر فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے اور اگر حکومت اُن کو آئی ایس آئی کے سربراہ کے عہدے پر برقرار رکھتی ہے تو شاید یہ غیر معمولی بات نہ ہو۔
اخبار نے ایک سینیئر فوجی عہدیدار کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ ”اُنھیں (جنرل پاشا) کو چیف کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور وہ مذہبی انتہاپسندی اورعسکریت پسندی کے خلاف لڑنے کے لیے پرعزم ہیں“۔
گذشتہ سال جولائی میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ عسکری قیادت کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔