رسائی کے لنکس

فضا سے گرایا گیا امریکی اسلحہ دولت اسلامیہ کے ہاتھ لگ گیا: رپورٹ


پینٹاگون کا کہنا ہے کہ فضا سے گرایا گیا اسلحہ 28 میں سے 27 مرتبہ درست مقام پر پہنچا اور اسے کرد جنگجوؤں نے حاصل کیا

شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ کوبانی کے نزدیک کرد جنگجووں کے لیے فضا سے گرایا جانے والی اسلحے کی ایک کھیپ دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے ہاتھ لگ گئی ہے۔

برطانیہ میں قائم 'سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے شام میں موجود ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پیراشوٹس کے ذریعے گرائی گئی اسلحے کی ایک قابل ذکر مقدار شدت پسندوں نے حاصل کر لی۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ ترکی کی سرحد کے قریب لڑائی میں مصروف کرد ملیشیا کے لیے اسلحے کی دوسری کھیپ بھی شدت پسندوں کے ہاتھ لگ سکتی ہے۔

دولت اسلامیہ کے ایک وفادار میڈیا گروپ کی طرف سے انٹرنیٹ پر جاری کی گئی وڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک نقاب پوش جنگجو دستی بموں، اسلحے اور راکٹ لانچرز کا معائنہ کر رہا ہے۔ یہ شدت پسند اسلحہ کا ذخیرہ ملنے پر خوشی کا اظہار کر رہا ہے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ فضا سے گرایا گیا اسلحہ 28 میں سے 27 مرتبہ درست مقام پر پہنچا اور اسے کرد جنگجوؤں نے حاصل کیا۔ لیکن ترجمان جان کربے کے مطابق پینٹاگون میں کسی کو بھی وثوق سے یہ علم نہیں کہ کوئی ذخیرہ دولت اسلامیہ کے ہاتھ لگا۔ ان کے بقول حکام اس وڈیو کا تجزیہ کر رہے ہیں۔

دولت اسلامیہ پہلے ہی امریکی اسلحے کا ایک حصہ قبضہ میں لے چکی ہے جو عراقی فورسز کو فراہم کیا گیا تھا۔

دولت اسلامیہ کے شام اور عراق کے مختلف حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے جب کہ ترک سرحد کے قریب واقع علاقے کوبانی پر قبضے کے لیے ان کی کرد ملیشیا سے لڑائی جاری ہے۔

اس شدت پسند گروپ کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکہ کی زیرقیادت یورپی اور عرب اتحادی شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائیاں کرتی چلی آرہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG