شام و عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے جمعرات کو ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں بظاہر ان دو ترک فوجیوں کو زندہ جلا کر ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جنہیں اغوا کر لیا گیا تھا۔
یہ بات عسکریت پسندوں کی آن لائن سر گرمیوں پر نظر رکھنے والے امریکہ میں قائم ایک گروپ سائیٹ انٹلیجنس اور میڈیا کے ذرائع کے حوالے سے بتائی گئی ہے۔
انٹلیجنس گروپ کا کہنا ہے کہ شام کے حلب کے علاقے سے تعلق رکھنے والے داعش کے گروپ نے یہ پریشان کن وڈیو جاری کی ہے، جس میں بظاہر زنجیریوں میں جکڑے دو ترک فوجیوں کو ایک پنجرے سے نکال کر زندہ جلا دیا جاتا ہے۔
فروری 2015 میں داعش نے اسی طرح کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں دکھایا گیا کہ ایک زیر حراست اردن کے پائلٹ کو زندہ جلا کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اردن کے پائلٹ معاذ کسابیہ کا جنگی طیارہ دسمبر 2014 کے اواخر میں شام میں گر کر تباہ ہو گیا تھا وہ امریکی اتحادیوں کے ساتھ مل کر داعش کے خلاف فضائی کارروائیوں میں شامل تھا۔
گزشتہ ماہ ہی داعش نے یہ اطلاع دی تھی کہ اس نے شمالی شام میں دو ترک فوجیوں کو اغوا کر لیا ہے جہاں ترک فورسز انتہا پسند گروپ کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں، ترک فوج کے عہدیداروں نے کہا تھا کہ اس علاقے میں ان کا اپنے دو فوجیوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا۔