رسائی کے لنکس

اسرائیلی کمانڈوز کی غزہ میں 'محدود' زمینی کارروائی


تازہ فضائی کارروائی میں غزہ کے پولیس سربراہ کے گھر کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا جس میں کم ازکم 18 افراد ہلاک ہوئے۔

اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر چھ روز سے جاری فضائی کارروائی کے بعد اتوار کو حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف پہلا زمینی آپریشن کیا۔

حکام کے مطابق اسرائیلی کمانڈوز نے اس مختصر کارروائی میں راکٹ داغنے کے مقام پر چھاپہ مارا اور اس دوران فلسطینی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ میں چار اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

اسرائیل نے جنگ بندی کی عالمی اپیلوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے اتوار کو چھٹے روز بھی غزہ میں اپنی فضائی کارروائیاں جاری رکھیں۔

تازہ کارروائی میں غزہ کے پولیس سربراہ کے گھر کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا جس میں کم ازکم 18 افراد ہلاک ہوئے۔ منگل کو شروع ہونے والے فضائی حملوں میں سے یہ اب تک کی سب سے ہلاکت خیز کارروائی تھی۔

اب تک کی کارروائیوں میں 160 سے زائد فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں۔

ادھر یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ اسرائیل نے غزہ کے شمالی علاقے سے لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کہا ہے۔

خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے اتوار کو فضا سے پمفلٹس گرائے جس میں لوگوں کو انخلا کے لیے کہا گیا۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کے فوجی محدود اور عارضی زمینی کارروائی کر سکتے ہیں۔ حماس کی طرف سے اسرائیل میں راکٹ داغنے کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے یہ کارروائیاں شروع کی تھیں اور اس کا مقصد عہدیداروں کے بقول راکٹ حملوں کو روکنا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فلسطین اور اسرائیل پر جنگ بندی کے لیے زور دیا ہے۔

کونسل نے اپنے ایک بیان میں فریقین سے کشیدگی میں کمی، امن و امان کی بحالی اور 2012ء میں طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کو موثر بنانے کا مطالبہ کیا۔

XS
SM
MD
LG