رسائی کے لنکس

مشرقِ وسطیٰ کا ہر علاقہ ہماری پہنچ میں ہے: اسرائیلی وزیرِ اعظم کا ایران کو انتباہ

پیر کو اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے اُن کے تین منٹ کے ویڈیو خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی عوام سے مخاطب ہیں کہ ایران کے ظالموں کو آپ کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے۔

18:10 30.9.2024

اسرائیل کے 'مجرمانہ اقدامات' کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گے: ایران

ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہر 'مجرمانہ اقدام' کا جواب دیا جائے گا۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اس سے خوف زدہ بھی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ جمعے کو اسرائیل کی کارروائی میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور ایران کی پاسدرانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر عباس نیلفروشان بھی مارے گئے تھے۔

19:17 30.9.2024

ایک لاکھ افراد اب تک لبنان سے شام میں نقل مکانی کر چکے ہیں: اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری لڑائی کے باعث اب تک ایک لاکھ افرا د شام کی جانب نقل مکانی کر چکے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے پیر کو 'ایکس' پر اپنے پیغام میں کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں میں لبنان اور شام کے شہری ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ چار بارڈر کراسنگز کے ذریعے مہاجرین شام میں داخل ہو رہے ہیں جن کی ادارہ مدد کر رہا ہے۔

19:24 30.9.2024

یمن کے حوثی باغیوں کا امریکی ساختہ ڈرون گرانے کا دعویٰ

یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کو ایک امریکی ساختہ ڈرون طیارہ مار گرایا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ امریکی ساختہ ڈرون زمین سے فضا کی طرف مار کرنے والے میزائل کی مدد سے گرایا گیا۔ تاہم امریکی فوج نے اپنے کسی ڈرون طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

ایک سال قبل غزہ جنگ شروع ہوتے ہی حوثی باغیوں نے بحیرۂ احمر سے گزرنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل کی جانب میزائل فائر کرنے کا سلسلہ بھی وقتاً فوقتاً جاری رہتا ہے۔

20:22 30.9.2024

مشرقِ وسطیٰ کا ہر علاقہ ہماری پہنچ میں ہے: اسرائیلی وزیرِ اعظم کا ایران کو انتباہ

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کوئی بھی علاقہ اسرائیل کی پہنچ سے دُور نہیں ہے۔

پیر کو اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے اُن کے تین منٹ کے ویڈیو خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ ایرانی عوام سے مخاطب ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ "مشرقِ وسطیٰ میں کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں ہم نہیں پہنچ سکتے۔ ہم اپنے لوگوں اور ملک کے تحفظ کے لیے کسی بھی جگہ جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حسن نصراللہ کی ہلاکت حزب اللہ اور ایران کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پیر کو اسرائیلی وزیرِ دفاع نے لبنان میں زمینی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ تاہم حزب اللہ کے عبوری سربراہ نعیم قاسم نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ حزب اللہ اس کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایران کے ظالموں کو آپ کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں لیکن آپ کو ہے۔ جب ایران بالآخر آزاد ہوگا اور یہ لمحہ لوگوں کی سوچ سے بہت جلد آئے گا، تو سب کچھ بہت مختلف ہوگا۔ ہمارے دو قدیم لوگ، یہودی اور فارسی بالآخر امن سے رہیں گے۔ ہمارے دو ملک ایران اور اسرائیل امن سے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جنونی مذہبی لوگوں کا ایک چھوٹا سا گروہ آپ کی امیدوں اور خوابوں کو کچلنا چاہتا ہے۔ آپ اور آپ کے بچے اس سے بہتر کے حق دار ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ آپ لوگ حماس اور حزب اللہ کے قاتلوں کو سپورٹ کرتے ہیں یا نہیں لیکن آپ کے لیڈر کرتے ہیں۔ ایران کے لوگوں کو یہ ضرور جاننا چاہیے کہ اسرائیل آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG