اسرائیل میں معمولاتِ زندگی بحال؛ ایئرپورٹ اور اسکول کھل گئے
سیکیورٹی کونسل کا اجلاس: اسرائیل کا ایران کو سزا دینے کا مطالبہ
اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اس کی سرزمین پر کیے گئے حملوں پر تہران کو سزا ملنی چاہیے۔ اسرائیل نے ایران کی سپاہِ پاسدرانِ انقلاب کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد اسرائیل نے سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اتوار کو ہونے والے اجلاس میں اسرائیل اور ایران کے سفیروں نے ایک دوسرے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کے سفیر گیلاد اردان نے کہا کہ ایران ریڈ لائن عبور کر چکا ہے، لہذٰا اسے کڑی سزا ملنی چاہیے۔ ایران پر مزید پابندیوں کے ساتھ ساتھ پاسدرانِ انقلاب کو دہشت گرد گروپ قرار دیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ "ہم کئی برسوں سے ایران کی سرگرمیوں سے متعلق عالمی برادری کو خبر دار کر رہے تھے، لیکن کسی نے ہماری نہیں سنی۔ اب ایران کے چہرے سے نقاب اُتر گیا ہے اور اب عالمی برادری کو ضرب لگانے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔"