رسائی کے لنکس

اسرائیلی فوج نے شام کا لڑاکا طیارہ مار گرایا


فائل
فائل

اسرائلی فوج نے کہا ہے کہ منگل کے روز اسرائلی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک شامی لڑاکا طیارے کو مار گرایا گیا۔

اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کنریکس نے بتایا ہے کہ شام کا لڑاکا جیٹ طیارہ، سخوئی ’’نسبتاً تیز رفتاری سے‘‘ اسرائیل کی جانب بڑھا۔ جونہی یہ اسرائیلی حدود میں داخل ہوا، اسرائیلی فوج نے اُس پر دو پیٹریاٹ انٹریسپٹر میزائل فائر کیے۔

تاہم، شام کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ لڑاکا طیارے کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ شامی علاقے میں باغیوں کے خلاف کارروائی میں شریک تھا۔

سرکاری تحویل میں کام کرنے والی ’عرب نیوز ایجنسی‘ نے فوجی ذریعے کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’اسرائیلی دشمن نے مسلح دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے اور ہمارے ایک لڑاکا طیارے کو ہدف بنانے کی تصدیق کی ہے، جو شامی فضائی حدود سے یرموک بیسن کے کنارے پر سعیدیہ کے علاقے میں تھا‘‘۔

لیفٹیننٹ کرنل کنریکس نے بتایا کہ ’’قوی امکان ہے‘‘ کہ طیارہ گولان ہائیٹس کے جنوبی حصے میں گر کر تباہ ہوا۔

ابھی یہ بات معلوم نہیں ہوسکی آیا طیارہ دانستہ طور پر اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ پائلٹ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔

کرنیکس نے کہا کہ شام کے ساتھ اسرائیلی سرحد کے قریب بڑھی ہوئی سرگرمی کے باعث فوج ’’انتہائی چوکنہ تھی‘‘۔

XS
SM
MD
LG