اسرائیلی صدر نے پیر کے روز ایلان مسک سے، جن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہود یوں کی مخالفت پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے، کہا ہے کہ انہیں یہود مخالف مہم کے مقابلے میں ایک بڑا کردار ادا کرنا ہو گا ۔
یہ ملاقات اس کے بعد ہوئی جب دنیا کے امیر ترین شخص ، مسک نے سات اکتوبر کو حماس عسکریت پسندوں کے حملوں سے تباہ ہونے والی اسرائیل کی ایک زرعی کمیونٹی کا دورہ کیا اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور دفاع سے متعلق اسرائیلی عہدے داروں سے ملاقات کی۔
مسک پراس بارے میں نکتہ چینی ہوتی رہی ہے کہ اکتوبر2022 سے جب سے انہوں نے ’ایکس‘ کا کنٹرول سنبھالا ہے اس سوشل میڈیا پر نفرت پر مبنی مواد کا پھیلاؤ ہوا ہے ۔
ایکس پر ایک ایسی سازشی تھیوری سےمتفق ہونےکے بعد جس میں بظاہر یہودیوں پر سفید فام اکثریت کوکمزور کرنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا تھا،وائٹ ہاؤس نے انہیں یہود مخالفت پھیلانے کے لیے مورد الزا م ٹھہرایا تھا۔
اسرائیل کےصدر ہرزوگ نے کہا کہ آپ کو ایک بڑا کردار ادا کرنا ہے اور میرا خیال ہے کہ ہمیں مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہو گا کیوں کہ آپ جن پلیٹ فارمز کی قیادت کرتے ہیں بد قسمتی سے وہاں یہود مخالف مواد بہت زیادہ ہے۔
مسک نے ہرزوگ کے دفتر سے جاری کی گئی اس ویڈیو میں صیہونی مخالف مواد کا ذکر نہیں کیا لیکن کہا کہ حماس عسکریت پسند اس وقت سے پروپیگنڈے کا نشانہ بن رہے ہیں جب وہ بچے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر انسانوں کو ان کے بچپن سے ہی جھوٹے پراپیگنڈے کا نشانہ بنایا جائے تو وہ کیا کچھ کر سکتے ہیں ؛ وہ سمجھیں گے کہ بے گناہ لوگوں کا قتل کوئی اچھی بات ہے ۔
سات اکتوبر کو حماس کے عسکریت پسندوں نے غزہ کی سرحد سے جنوبی اسرائیل میں داخل ہو کر اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 لوگوں کو ہلاک اور لگ بھگ 240 کو یرغمال بنا لیا تھا۔
اسرائیل نے جوابی طور پر حماس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے غزہ میں اہداف پر اندھا دھند بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملہ کیا ہے جس میں حماس کی حکومت کے مطابق لگ بھگ 15 ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم جمعے سے جنگ بندی نافذ ہے۔
سیٹلائٹس کے بارےمیں بات چیت
وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ پیرکی صبح نیتن یاہو اور مسک نے دفاع سے متعلق سینئر عہدے داروں کے ساتھ مصنوعی ذہانت کے سیکیورٹی کے مختکف پہلوؤں پر گفتگو کی ۔
مسک اور نیتن یاہو نے حماس کے حملے کا نشانہ بننے والی ایک کمیونٹی کفار عزا کے اپنے دورے کے بعد ایکس پر گفتگو کی ۔
نیتن یاہو نے کہا ، ہمیں حماس کی تباہی کے بعد غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنانا ہوگا اور انہوں نے فلسطینی علاقے میں انتہا پسندی کو کچلنے کی ایک مہم کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا ، پھر ہمیں غزہ کی تعمیر نو بھی کرنا ہوگی اور مجھے امید ہے کہ ہمارے عرب دوست اس حوالے سے مدد کریں گے ۔
نیتن یاہو نے مسک سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حماس کی شکست کے بعد امریکہ کی ثالثی میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے مذاکرات بحال ہوں گے اور امن کا دائرہ تصور سے کہیں بڑھ کر وسیع ہو جائے گا۔
اسرائیل کے کمیونی کیشنز منسٹر شلوم کرہی نے کہا کہ ان کا ملک اسرائیلی کمیونی کیشنز کی وزارت کی منظوری سے اسرائیل اور غزہ میں مسک کے زیر اتنظام کمپنی اسپیس ایکس کے تحت چلنے والے ، اسٹار لنک سیٹلائٹ کے استعمال پر اصولی طور پر ایک افہام و تفہیم تک پہنچ گیا ہے۔
اسٹار لنک زمین کےنچلے مدار پر سیٹلائٹ کا ایک نیٹ ورک ہے جو دور افتادہ مقامات یا ایسے علاقوں تک انٹر نیٹ فراہم کر سکتا ہے جہاں معمول کا کمیو نی کیشنز انفرااسٹرکچر ناکارہ ہو گیا ہو۔
ستمبر میں نیتن یاہو نے مسک پر زور دیا تھا کہ وہ ایکس پر نہ صرف یہود مخالفت بلکہ کسی بھی اجتماعی نفرت کو روکیں بلکہ اسے بالکل ختم کر دیں۔
مسک نے اس وقت کہا تھا کہ اگرچہ ان کا پلیٹ فارم تمام نفرت انگیز تقاریر کو ان کے پوسٹ کیے جانے سے پہلے روک نہیں سکتا لیکن وہ عمومی طور پر کسی بھی گروپ پر حملے کے خلاف ہیں قطع نظر اس کے کہ وہ کون ہے۔
اس وقت ایکس کور ایک غیر منافع بخش کمپنی میڈیا میٹرز کے خلاف اس بنیاد پر مقدمہ کر رہی ہے کہ اس نے ان کے پلیٹ فارم ایکس کے بارے میں یہ تاثر پیش کر کے کہ وہ یہود مخالف مواد سے بھرا ہوا ہے ، ایڈور ٹائزرز کو الگ کروا دیا ہے۔
مسک نے اینٹی ڈی فیمیشن لیگ کے خلاف مقدمہ کرنے کی بھی دھمکی دی ہے جو ایک یہودی ایڈووکیسی گروپ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف اس بنیاد پر مقدمہ کریں گے کہ اس نے یہ دعوے کیے ہیں کہ جب سے انہوں نے ( مسک) نے ایکس کو 44 ارب ڈالر میں خریدا ہے اس پلیٹ فارم پر نسل پرست بیان بازیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔
فورم