رسائی کے لنکس

اسرائیلی وزیرِ اعظم امریکہ سے جاسوس کی رہائی کیلئے اپیل کریں گے


اسرائیلی وزیرِ اعظم امریکہ سے جاسوس کی رہائی کیلئے اپیل کریں گے
اسرائیلی وزیرِ اعظم امریکہ سے جاسوس کی رہائی کیلئے اپیل کریں گے

اسرائیلی حکومت کی جانب سے امریکہ میں جاسوسی کے الزام میں عمر قید کاٹنے والے ایک اسرائیلی شہری کی رہائی کیلئے امریکی انتظامیہ سے باقاعدہ اپیل آئندہ ہفتے کیے جانے کا امکان ہے۔

اسرائیلی اخبارات میں جمعہ کے روز شائع ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہری جوناتھن پولارڈ کی رہائی کیلئے وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے باضابطہ اپیل پر مشتمل خط اتوار یا پیر تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد اسے امریکی صدر براک اوباما کو روانہ کردیا جائے گا۔

جمعرات کے روز امریکہ میں قید جوناتھن پولارڈ کی اہلیہ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم سے ملاقات کرکے اپنے شوہر کی جانب سے ان کے نام لکھا گیا ایک خط پہنچایا تھا۔ ملاقات کے بعد نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ پولارڈ کی رہائی کیلئے امریکہ سے باضابطہ اپیل کریں گے ۔تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی تھی کہ ان کی جانب سے یہ اپیل کب کی جائے گی۔

واضح رہے کہ جوناتھن پولارڈ بنیادی طور پر امریکی شہری ہیں اور وہ امریکہ کی بحری انٹیلی جنس میں تجزیہ کار کے طور پر تعینات تھے۔ 1985میں امریکی سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں اپنی گرفتاری کے بعد پولارڈ نے دورانِ تفتیش اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ حکام کی جانب سے یہ کبھی نہیں بتایا گیا کہ پولارڈ نے امریکہ کے کون سے راز اسرائیل کے حوالے کیے تھے تاہم یہ گمان کیا جاتا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی حکام کو ہزاروں خفیہ امریکی دستاویزات تک رسائی فراہم کی تھی۔

اسرائیل کیلئے جاسوسی کا جرم ثابت ہونے پر ایک امریکی عدالت کی جانب سے پولارڈ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد اسرائیلی حکومت کی جانب سے 1995 میں پولارڈ کو اسرائیل کی شہریت عطا کی گئی تھی۔ حال ہی میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق 56 سالہ پولارڈ آج کل شدید علیل ہیں۔

جمعرات کے روز صحافیوں سے گفتگو میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ سے پولارڈ کی رہائی کی اپیل کرنے کو اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG