رسائی کے لنکس

اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، ایک شخص ہلاک


اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، ایک شخص ہلاک
اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، ایک شخص ہلاک

اسرائیل نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر کئی فضائی حملے کیے ہیں جن کے دوران طبی حکام کے مطابق ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اس کے طیاروں نے منگل کو علاقے میں چار اہداف کو نشانہ بنایا جن میں فوج کے بقول شدت پسندوں کا ایک گروہ بھی شامل تھا جو اسرائیل پر راکٹ فائر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

حملوں سے قبل حماس کے زیرِ انتظام علاقے غزہ سے فائر کیا گیا ایک راکٹ اسرائیل کے شہر بعرِ شیبہ میں گرا تھا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایک روز قبل ہی اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کے اندر واقع ایک یہودی آبادی میں مزید 277 گھروں کی تعمیر کی اجازت دی ہے۔

اسرائیل کی وزارتِ دفاع نے پیر کو بتایا کہ 'ایریل' نامی صیہونی بستی میں نئی تعمیرات کی اجازت وزیرِ دفاع ایہود بارک نے دی ہے۔ وزارت کے مطابق نئی تعمیرات میں سے 100 گھر 2005ء میں غزہ سے نقل مکانی کرنے والے اسرائیلیوں کو دیے جائیں گے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی اسرائیل کی وزارتِ داخلہ نے مشرقی یروشلم میں یہودی آباد کاروں کے لیے 1600 نئے گھروں کی تعمیرات کی حتمی منظوری دی تھی۔ حکام کے بقول امکان ہے کہ شہر میں مزید 2700 گھروں کی تعمیر کی منظوری بھی عنقریب دے دی جائے گی۔

وزارت کے ترجمان کے مطابق نئی رہائش گاہوں کی منظوری اسرائیل میں ریئل اسٹیٹ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف جاری عوامی مظاہروں کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔

ادھر واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے اسرائیل کے فیصلے کو "انتہائی مشکلات کھڑی کرنے والا" فیصلہ قرار دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی وائٹ ہاؤس نے اسرائیل اور فلسطین پر زور دیا تھا کہ دونوں اقوام ایسے اقدامات سے گریز کریں جو ان کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کو مشکل بنادیں۔

فلسطینی مشرقی یروشلم کو اپنی مستقبل کی ریاست کے دارالحکومت کی حیثیت دینا چاہتے ہیں اور انہوں نے اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے میں صیہونی بستیوں کی تعمیر روکے جانے سے مشروط کر رکھی ہے۔

فلسطین کے صدر محمود عباس فلسطینی ریاست کو اقوامِ متحدہ کی رکنیت دلانے کی کوششوں کے سلسلے میں ان دنوں عالمی ادارے کے رکن ممالک کو قائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مجوزہ فلسطینی ریاست مکمل مغربی کنارے، غزہ کی پٹی اور مشرقی یروشلم جیسے ان علاقوں پر مشتمل ہوگی جن پر اسرائیل نے 1967ء کی جنگ کے دوران قبضہ کرلیا تھا۔

بعد ازاں 2005ء میں اسرائیل غزہ پر اپنے قبضے سے دستبردار ہوگیاتھا۔

XS
SM
MD
LG