رسائی کے لنکس

اطالوی بحریہ کےدو محافظوں پر فرد جرم عائد


اٹلی نے جمعے کے روز بھارت میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے اور ایک اعلیٰ اطالوی عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ قدم بھارت کے رویے پرسخت ناراضگی ظاہر کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے

کرالہ کی ایک سیشن عدالت کے ذریعے اطالوی بحریہ کے دو محافظوں کی درخواست ضمانت مسترد کرنے اور ایک روز قبل ان دونوں کے خلاف فرد جرم عائد کیے جانے سے بھارت اور اٹلی کے سفارتی تعلقات میں بظاہر کشیدگی آگئی ہے۔

اٹلی نے جمعے کے روز بھارت میں تعینات اپنے سفیر کو صلاح و مشورے کی غرض سےواپس بلا لیا ہے اور ہفتے کے روز ایک اعلیٰ اطالوی عہدے دار نے کہا ہے کہ یہ قدم اس معاملے میں بھارت کے رویے پرسخت ناراضگی ظاہر کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔

بھارت نے یہ کہتے ہوئے اس معاملے کو ہلکا کرنے کی کوشش کی ہے کہ اس سے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دونوں محافظوں پر الزام ہے کہ اُنھوں نے 15فروری کو کرالہ کے نزدیک بحری علاقے میں دو بھارتی ماہی گیروں کو بحری قزاقوں کے دھوکے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔اُنھیں 19فروری کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

اٹلی کے نائب وزیر خارجہ اسٹیفن مستورا نے، جو اس وقت بھارت میں ہیں، کہا ہے کہ سفارتی کوششوں کی ناکامی کے بعد سفیر کو واپس بلایا گیا ہے۔

اُنھوں نے بھارتی ماہی گیروں کی ہلاکت کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ یہ واقعہ بین الاقوامی آبی حدود میں پیش آیا تھا، لہٰذا بھارتی عدلیہ کو اس پر سماعت کا کوئی حق نہیں ہے اور اُن پر عالمی قوانین کا اطلاق ہونا چاہیئے۔

اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی نے اس معاملے میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ سے تین بار فون پر بات کی ہےاور اٹلی کے وزیر دفاع بھی یہاں آکر معاملے کو حل کرانے کی کوشش کرچکے ہیں۔ لیکن، ابھی تک یہ معاملہ حل نہی ہو سکا ہے، جب کہ ہلاک ہونے والے ماہی گیروں کے اہلِ خانہ کو معاوضہ بھی ادا کردیا گیا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG