رسائی کے لنکس

جاپان: تابکاری کےخدشے کے باعث مویشیوں کی ترسیل پہ پابندی


جاپان: تابکاری کےخدشے کے باعث مویشیوں کی ترسیل پہ پابندی
جاپان: تابکاری کےخدشے کے باعث مویشیوں کی ترسیل پہ پابندی

جاپانی حکام نے گوشت کے حصول کے لیے مویشیوں کی فوکوشیما سے دیگر علاقوں کو ترسیل پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مذکورہ اعلان ان خدشات کے سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے کہ علاقے کے ایسے مویشیوں کا گوشت پہلے ہی مارکیٹ میں پہنچ چکا ہے جنہوں نے تابکاری سے متاثرہ چارہ کھایا تھا۔

جاپانی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوکیو ایڈانو نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تابکاری سے متاثر ہونے کے خدشات کے پیشِ نظر علاقے میں موجود مویشیوں کے تمام باڑوں کا معائنہ کرے گی۔

اس سے قبل جاپان کے وزیرِ زراعت مچی ہیکو کانو نے کہا تھا کہ حکام کو جاپان کے تمام 47 اضلاع میں مویشیوں کے چارے پر تابکاری کے ممکنہ اثرات کی جانچ پڑتال کا حکم دیا جائے گا۔

گزشتہ روز حکام نے انکشاف کیا تھا کہ فوکوشیما کے ضلع میں موجود سات باڑوں سے 411 ایسے مویشی مارکیٹ بھیجے جاچکے ہیں جنہوں نے تابکار مادے سیزیم سے متاثرہ چارہ کھایا تھا جو اسی ضلع میں موجود جوہری بجلی گھر کی تباہی کے بعد فضاء میں پھیل گیا تھا۔ حکام کے مطابق کچھ کیسز میں متاثرہ چارے میں تابکاری کی مقدار قانونی حد سے 500 گنا زیادہ تک تھی۔

اس بات کے شواہد بھی ملے ہیں کہ دو دیگر اضلاع میں موجود باڑوں سے بھی تابکار چارہ خوراک بنانے والے مویشی مارکیٹ میں بھیجا جاچکا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک ایسے 500 سے زائد مویشی ان فارمز سے مارکیٹ روانہ کیے جاچکے ہیں جنہوں نے تابکاری سے متاثرہ چارہ اور گھاس کھا رکھی تھی۔

رواں برس 11 مارچ کو آنے والے زلزلے اور سونامی سے فوکوشیما کے علاقے میں واقع جوہری بجلی گھر شدید متاثر ہوا تھا اور بجلی گھر کو ٹھنڈا رکھنے کے نظام میں خرابی کے باعث سیزیم نامی تابکار مادہ فضاء میں پھیل گیا تھا۔

تابکاری کے پھیلنے کے خدشہ کے تحت جاپانی حکومت نے مارچ میں ایک حکم جاری کیا تھا جس میں فوکوشیما ضلع کے کسانوں سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے مویشیوں کو ایسا چارہ نہ کھلائیں جسے کھلی فضاء میں رکھا گیا ہو۔ تاہم اس خدشے کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ کئی کسانوں تک یہ حکم نہیں پہنچا تھا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ تابکاری سے متاثرہ چارہ کھانے والے مویشیوں کے گوشت کے استعمال سے انسانی صحت کو اور کس قسم کے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG