رسائی کے لنکس

جاپان: شراب کی طلب میں مسلسل کمی، الکوحل کی فیکٹریاں مشروبات بنانے لگیں


الکوحل کی فیکٹریوں میں بنائے جانے والے الکوحل سے پاک مشروبات کے کین۔ فائل فوٹو
الکوحل کی فیکٹریوں میں بنائے جانے والے الکوحل سے پاک مشروبات کے کین۔ فائل فوٹو

جاپان میں شراب کی کھپت مسلسل کم ہو رہی ہے۔ ایسے میں الکوحل بنانے والی بیشتر کمپنیاں اپنی مصنوعات بیچنے کے لیے نئی منڈیاں ڈھونڈ رہی ہیں اور الکوحل سے پاک مشروبات بنا رہی ہیں۔

مشروبات کی تحقیق سے متعلق ادارے آئی ڈبلیو ایس آر کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ایسے مشروبات کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جن میں الکوحل نہیں ہوتی یا اس میں الکوحل کی مقدار بہت ہی معمولی ہوتی ہے۔ جس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ اپنی صحت کے معاملے میں بہت حساس ہو گئے ہیں اور ایسی چیزوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے صحت پر منفی اثرات پڑ سکتے ہوں۔

عالمی وبا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد اس رجحان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جاپان میں خاص طور پر نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد الکوحل پینے سے گریز کر رہی ہے اور اس کے بجائے ایسے مشروبات پسند کرتی ہے جس میں الکوحل نہ ہو یا اس کی مقدار بہت ہی کم ہو۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2021 میں دنیا بھر میں الکوحل سے پاک مشروبات کی فروخت سات ارب 80 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 10 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئی تھی جو صارفین کے رجحان میں تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الکوحل پینے کے رجحان میں یہ تبدیلی جاپان میں نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ بڑی عمر کے جاپانیوں کی تعداد مسلسل گھٹ رہی ہے۔

جاپان میں ایک زمانے میں کثرت سے شراب پی جاتی تھی۔ مگر مے نوشوں کی عمریں ڈھل رہی ہیں اور ان کی تعداد تیزی سے گھٹتی جا رہی ہے۔جب کہ نئی نسل کی الکوحل میں دلچسپی بہت کم ہے۔

ٹوکیو میں منعقدہ بیئر گارڈن کی تقریب میں لگایا گیا ایک اسٹال جس پر رکھی جانے والے مشروبات الکوحل سے پاک ہیں۔ 26 اگست 2022
ٹوکیو میں منعقدہ بیئر گارڈن کی تقریب میں لگایا گیا ایک اسٹال جس پر رکھی جانے والے مشروبات الکوحل سے پاک ہیں۔ 26 اگست 2022

جاپان میں کرائے گئے ایک سرکاری سروے سے پتا چلتا ہے کہ 2019 میں ایسے نوجوانوں میں، جن کی عمریں 20 اور 30 سال کے درمیان تھیں، الکوحل پینے والوں کی تعداد سات اعشاریہ آٹھ فی صد تھی جب کہ 1999 میں عمر کے اس گروپ میں مہ نوشوں کی شرح 20 اعشاریہ تین فی صد تھی۔

معاشرتی امورپر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان کے نوجوانوں میں الکوحل سے گریز کی صحت کے علاوہ ایک اور وجہ ہم عمر ساتھیوں کا دباؤ بھی ہے۔ نوجوان ساتھی جب کہیں مل بیٹھتے ہیں تو وہ الکوحل سے پاک مشروب پیتے ہیں۔ اگر اس گروپ میں الکوحل پینے والے بھی شامل ہوں تو وہ بھی اپنے گروپ کا ساتھ دینے کے لیے الکوحل نہیں پیتے۔

زیادہ دور پرے کی بات نہیں ہے کہ جاپان میں الکوحل کی دو اقسام وسکی اور جن بڑی مقبول تھیں اور انہیں مقامی طور پر تیار کیا جاتا تھا۔ لیکن اب ان کی طلب نمایاں طور پر گھٹ چکی ہے جس کے پیش نظر الکوحل بنانے والی کمپنیاں بیرونی منڈیاں تلاش کر رہی ہیں۔

جاپان میں بیئر بنانے والی ایک بڑی کمپنی آساہی گروپ ہولڈنگز کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے حال ہی میں خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا تھا کہ وہ اپنی مصنوعات کے لیے شمالی امریکہ کو ایک اہم مارکیٹ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

جاپان میں گرمیوں کے موسم میں بیئر گارڈن جیسی تقریبات کثرت سے ہوتی ہیں۔ کسی پارک میں ہونے والی ان تقریبات کے دوران بیئر کے ساتھ کھانے کی کچھ چیزیں پیش کی جاتی ہیں۔ لیکن حال ہی میں سنتوری اینڈ براڈکاسٹر ٹی وی آساہی کے زیر اہتمام ٹوکیو میں ہونے والی بیئر گارڈن کی تقریب میں بیئر اور الکوحل نہیں رکھی گئی تھی بلکہ اس کی جگہ الکوحل سے پاک مشروبات سے مہمانوں کی تواضح کی گئی۔

مری بروری: پاکستان میں شراب بنانے والی سب سے پرانی کمپنی
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:38 0:00

سینتوری کے جنرل مینیجر ماساکو کورا کا کہنا تھا کہ ان تقریبات میں لوگ الکوحل سے نہیں بلکہ آپس کی بات چیت سے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ان کی ترجیج بات چیت ہوتی ہے، اس لیے تقریب میں الکوحل نہیں رکھی گئی۔

الکوحل تیار کرنے والی ایک اور کمپنی کیرن ہولڈںگز نے الکوحل سے پاک مشروبات بھی بنانا شروع کر دیے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی تیارکردہ الکوحل سے پاک بیئر کی فروخت میں پچھلے سال کے مقابلے میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔

سومادوری بار کے نام سے جاپانی زبان کے ایک ٹی وی ڈرامے میں ایک ایسی بار کے ماحول کی عکاسی کی گئی ہے جس میں پیش کیے جانے والے مشروبات الکوحل سے پاک ہیں یا پھر ان میں الکوحل کی مقدار زیادہ سے زیادہ تین فی صد ہے۔

آساہی ٹی وی کے تحت اس شو کے چیف ایگزیکٹو میزوہو کاجیورا کہتے ہیں کہ اس بار کا مقصد ایسے صارفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو شراب نہیں پیتے تاکہ وہ خوشی خوشی یہاں آسکیں اور ان لوگوں کے ساتھ وقت گزار سکیں جو الکوحل پیتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ اس ماڈل کو سامنے رکھ کر بار کا کاروبار کرنے والے اپنے لیے نئے گاہک تلاش کر سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG