رسائی کے لنکس

ایشین گیمز ہاکی: جاپان پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


جاپان کے کھلاڑی تناکا پاکستان کے خلاف گول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جاپان کے کھلاڑی تناکا پاکستان کے خلاف گول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بھارت کی طرح پاکستان بھی اپنے گروپ میں سرفہرست اور ناقابل شکست رہنے کے باوجود جاپان کے خلاف فائنل میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ایشین گیمز ہاکی کے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نے پاکستان کو ایک۔صفر سے ہراکر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اُس کا مقابلہ ملائیشیا کے ساتھ ہو گا۔

سیمی فائنلز میں شکست خوردہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لئے یکم ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارت کی طرح پاکستان بھی اپنے گروپ میں سرفہرست اور ناقابل شکست رہنے کے باوجود جاپان کے خلاف سیمی فائنل میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ایونٹ کےدوسرے سیمی فائنل کے پہلے پیریڈ میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف کے 18 ویں منٹ میں جاپان کے شوتا یمادا نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔

ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد پاکستان ٹیم نے حریف جاپان کے گول کر کئی حملے کیے جو سب کے سب بے سود رہے۔ پاکستان ٹیم کو دو پنالٹی کارنرز بھی ملے لیکن ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ یوں جاپان نے ایک۔صفر سے میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

فائنل میں جاپان کامقابلہ یکم ستمبر کو پہلے سیمی فائنل کی فاتح ملائیشیا کے ساتھ ہو گا جبکہ اُسی روز پاکستان برانز میڈل کے لئے روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گا۔

پاکستان اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہی، پانچ میچوں میں پاکستان نے مجموعی طورپر 45 گول اسکور کیے جبکہ اُس کے خلاف صرف ایک گول ملائیشیا کی ٹیم نے کیا۔

پاکستان نے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 10-0، دوسرے میچ میں اومان کو 10-0، تیسرے میچ میں قزاقستان کو 16-0، چوتھے میچ میں ملائیشیا کو 4-1 جبکہ پانچویں میچ میں بنگلادیش کو 5-0 سے شکست دی تھی۔

دیگر پوزیشنز کے لئے میچز

ایونٹ میں آج کھیلے گئے دیگر پوزیشن میچز میں تھائی لینڈ نے انڈونیشیا کو 2-1 سے ہراکر نویں پوزیشن حاصل کی جبکہ ساتویں پوزیشن کے میچ میں اومان نے سری لنکا کو 5-2 سے ہرا دیا۔

پانچویں پوزیشن کے لئے میچ میں بنگلادیش اور جنوبی کوریا جبکہ گیارہویں پوزیشن کے لئے قزاقستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں یکم ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG