جاپان کی دو بہنوں نے دنیا کی معمر ترین مشابہت رکھنے والی جڑواں ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ان کے ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں سرٹیفکیٹ سے نواز دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاپان کی دو بہنوں امینو سومیاما اور کومے کوداما کی عمریں یکم ستمبر 2021 تک 107 سال 300 دن تھی اور انہوں نے جاپان کی ہی دو مشہور بہنوں کن نرایتا اور جن کانی کا 107 سال 175 دن طویل العمر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
دونوں بہنوں کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیے جانے کا اعلان پیر کو 'ریسپیکٹ فار دی ایجڈ ڈے' کے موقع پر کیا گیا۔ اس روز جاپان میں عام تعطیل ہوتی ہے۔
امینو سومیاما اور کومے کوداما پانچ نومبر 1913 کو مغربی جاپان میں شوڈوشیما جزیرے پر پیدا ہوئیں اور وہ 11 بہن بھائیوں میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
البتہ دونوں بہنیں ابتدائی تعلیم کے بعد الگ ہو گئی تھیں اور کوداما کو جاپان کے جنوبی حصے کے مرکزی جزیرے کیوشو میں اوتا میں کام کی غرض سے جانا پڑا جہاں بعد ازاں انہوں نے شادی کرلی تھی۔ جب کہ سومیاما اسی جزیرے پر بڑی ہوئی تھیں اور ان کا اپنا خاندان ہے۔
یہ دونوں بہنیں دہائیوں تک اپنی زندگیوں میں اتنا مصروف ہو گئی تھیں کہ 70 سال کی عمر تک یہ بہت کم ہی مل پاتی تھیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 300 کلو میٹر سے زائد دوری کی وجہ سے وہ دونوں روزانہ مل نہیں پاتی تھیں اور وہ ایک دوسرے خاندان میں خوشی یا غم کی تقریب کے موقع پر ہی دیکھ پاتی تھیں۔ تاہم ستر سال کی عمر کے قریب پہنچنے کے بعد وہ مختلف مواقع پر ایک ساتھ زیارتوں پر گئیں۔
دونوں بہنیں جوانی کے دنوں میں گزارے مشکل لمحات کو بھی یاد کرتی ہیں۔ گنیز کے مطابق دونوں یاد کرتی ہیں کہ ان کی پرورش ایک ٹی وی ڈرامے کی طرح تھی۔ یہ وہ وقت بھی تھا جب کسی کو تنگ کرنے کے لیے جڑواں ہونا ہی کافی تھا۔ اور یہ ان کے بچن کے مشکل ترین تجربات میں سے ایک تھا۔
ان کے اہل خانہ نے گنیز کو بتایا کہ دونوں بہنیں سابق ریکارڈ ہولڈرز جنہیں 'کن سین، جن سین' بھی کہا جاتا ہے، کے زندہ رہنے کے بارے میں اکثر مذاق کیا کرتی تھیں۔
جڑواں بہنوں نے جب اپنی 99 ویں سالگرہ منائی تھی تو امینوں نے کن اور جن کی تصویر دیکھتے ہوئے کہا تھا کہ 'میرے خیال سے ہم زیادہ جوان نظر آتی ہیں۔'
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق علیحدہ مقامات پر رہنے والی ان دونوں بہنوں امینو اور کومے کو کیئر ہوم اسٹاف کی جانب سے سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔
ان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ یہ اصل میں کن اور جن کا ریکارڈ توڑ دیں گی اور جب انہوں نے ریکارڈ توڑا تو وہ حیران رہ گئے۔
جڑواں بہنوں کے اہلِ خانہ کے مطابق دونوں بہنیں ملنسار اور مثبت شخصیت کی حامل ہیں اور چیزوں کے بارے میں فکر مند نہیں ہوتیں۔ بظاہر امینو زیادہ مضبوط ارادوں کی مالک ہیں جب کہ کومے زیادہ نرم مزاج ہیں۔
امینوں اور کومے دونوں الگ الگ کیئر ہومز میں رہائش پذیر ہیں اور کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں ذاتی حیثیت میں جاکر سرٹیفکیٹ دینے کے بجائے کیئر ہوم میں سرٹیفکیٹ بھجوائے ہیں۔
ہوم کیئر اسٹاف کے مطابق سرٹیفکیٹ وصول کرتے وقت امینو کی آنکھیں نم ہو گئیں تھیں۔
'اے پی' کے مطابق جاپان کی وزارتِ صحت اور بہبود کے مطابق جاپان کی 12 کروڑ 50 لاکھ آبادی میں سے لگ بھگ 29 فی صد 65 سال یا اس سے زائد عمر کی ہے۔ ان میں سے 86 ہزار 510 سو سال کی عمر کے افراد ہیں جب کہ آدھے رواں سال ہی 100 برس کے ہوئے ہیں۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔